سعودی حکومت کا بلا اجازت حج ادائیگی پر کڑی سزاؤں اور بھاری جرمانے کا اعلان

ملکی و غیر ملکی زائرین کو بغیر ویزا اور بلا اجازت حج ادائیگی پر گرفتار کر کے دس ہزار ریال جرمانہ، پندرہ دن کی قید کے ساتھ پانچ سال سعودی عرب داخلہ پر پابندی ہو گی

جمعہ 12 اگست 2016 11:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اگست۔2016ء)سعودی حکومت نے بلا اجازت حج کی ادائیگی کی کوشش کرنے والے عازمین پر کڑی سزاوں اور بھاری جرمانے کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق ملکی و غیر ملکی زائرین جن کو بغیر ویزا اور بلا اجازت حج کی ادائیگی کو کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے گا اس کو دس ہزار ریال جرمانہ، پندرہ دن کی قید کے ساتھ ساتھ پانچ سال کیلئے سعودی عرب داخلہ پر پابندی بھی عائد کردی جائے گی۔

حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے چئیرمین حافظ شفیق کاشف نے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی حکومت کے اس فیصلہ کا مقصدقانونی طور پر سعودی عرب جانے والے عازمین حج کے لےئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا سعودی حکومت کے موجودہ فیصلے سے حج انتظامات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، حافظ شفیق کاشف نے کہا کہ جن پاکستانیوں کے پاس حج کے علاوہ سعودی عرب کا کوئی دوسرا ویزا ہے وہ موجودہ حالات میں حج پر جانے کی کوشش نہ کرے بصورت دیگر ان کو سزاوں کا سامنا کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ جو نجی حج ٹوورز آپریٹرز وزٹ ویزا (visit visa) یا پھر ورک ویزا (work visa) پر لوگوں کو ادائیگی حج کے لےئے سہولت فراہم کریں گے ان کو بھی بلیک لسٹ کردیا جائے گا لہٰذا پاکستانی پرائیویٹ کمپنیوں کو ایسی سرگرمیوں سے اجتناب کرنا چاہیے۔