دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ بالآخر اختتام کے قریب ہے، آرمی چیف

کامیابیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے قومی یکجہتی ضروری ہے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عوام، سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کو سلام پیش کرتا ہوں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب کے مقاصد متاثر ہو سکتے ہیں، پاک سرزمین سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرکے دم لینگے، جنرل راحیل شریف کا جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 13 اگست 2016 11:02

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13اگست۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ بالآخر اختتام کے قریب ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ عوام، سیکورٹی فورسز اور اینٹلی جنس اداروں کو سلام پیش کرتا ہوں، نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہ ہونے سے آپریشن ضرب عضب کے مقاصد متاثر ہو سکتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پرنسپل سٹاف آفیسر، ڈی جی آئی ایس آئی، کورکمانڈر راولپنڈی سمیت دیگر نے شرکت کی۔

نیشنل ایکشن پلان کے اہداف، پیش رفت پر سست روی اور آپریشن ضرب عضب پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے اپنے خطاب میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہنیشنل ایکشن پلان ہمارے مقاصد کا محور ہے۔

(جاری ہے)

ہم طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں۔ ملک سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا رہا ہے لیکن سست روی سے آپریشن ضرب عضب متاثر ہوا، ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کے ثمرات عوام تک پہنچنے شروع ہو گئے ہیں۔

آپریشنز کے نتیجے میں ملک کی سیکیورٹی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے۔ پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے. کامیابیوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے قومی رسپانس میں یکجہتی ضروری ہے۔ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور ان تھک کوششوں سے ملک میں امن اور استحکام آیا ہے، پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، عوام، سیکورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کو سلام کرتا ہوں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عوام کی حمایت ایک اہم جزہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب پرعمل درآمد ضروری ہے، تمام ادارے بھرپور تعاون کرکے دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، پاک سرزمین سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرکے دم لینگے، انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد نہ ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نیشنل ایکشن پلان پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا اس وقت تک مقاصد حاصل نہیں ہونگے، بعض حلقوں کی جانب سے غلط بیانات اور تجریوں سے قومی مقاصد کو نقصان پہنچ رہا ہے، نیشنل ایکشن پلان میں پیشرفت نہ ہونے کے باعث آپریشن ضرب عضب متاثر ہو رہا ہے، توجہ ہٹانے والے بیانات مددگار ثابت نہیں ہونگے۔