یوم آزادی ، واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب، اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے

پیر 15 اگست 2016 10:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء) آزادی کے دن دشمن کے پڑوس میں بھی جشن منایا گیا۔ واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب نے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔ واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس نے آزادی کا جشن دوبالا کر دیا، قدم سے قدم ملاتے رینجرز کے جوانوں نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا، اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگاتے پاکستانی بھی ارض پاک کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ناکوں چنے چبوانے کا پیغام دیتے رہے۔

(جاری ہے)

خصوصی تقریب میں شریک شہریوں کا جوش و خروش بھی عروج پر رہا۔ کوئی سبز ہلالی پرچم اٹھائے آیا۔ کسی نے فلک شگاف نعرے لگا کر دلوں کو گرمایا۔ پاکستانیوں کے پاکستان زندہ باد کے نعرے دشمن کو ارض پاک کی جانب اٹھنے والی میلی آنکھ نکال پھینکنے کا پیغام بھی دیتے رہے۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے اور ملی نغموں کی گونج بھی پاکستانیوں کے عزم و استقلال کی ترجمانی کرتی رہی۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے تقریب کی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔آزادی کے دن واہگہ بارڈر پر ہونے والی پرچم اتارنے کی خصوصی تقریب میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں نے بالخصوص شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :