ملک دشمن عناصر کے اقدامات سے سی پیک بیک رول نہیں ہوگا، احسن اقبال

قدرت نے پاکستان کو ایک موقع دیا ہے جس سے مستقبل میں پاکستان کو خطے میں مرکزی حیثیت حاصل ہوگی ،اقتصادی راہداری کی تکمیل کے لئے پاکستان اور چین پرعزم ہیں،وفاقی وزیر

جمعرات 18 اگست 2016 11:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اگست۔2016ء)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے اقدامات سے سی پیک بیک رول نہیں ہوگا، قدرت نے پاکستان کو ایک موقع دیا ہے جس کی وجہ سے مستقبل میں پاکستان کو خطے میں ایک مرکزی حیثیت حاصل ہوگی دشمن سمجھتے ہیں کہ بزدلانہ اقدامات اٹھانے سے پاک چائنا اقتصادی راہداری کو ناکام بنادیا جائے گا لیکن یہ ان کی بھول ہے اقتصادی راہداری کی تکمیل کیلئے پاکستان اور چین پرعزم ہیں ۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان ہائی کورٹ میں بلوچستان بار کونسل سے سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والے وکلاء کے وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے ۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم کے بیانات اس بات کا اظہار ہے کہ بھارتی حکومت پاکستان کو ناکام بنانے کے عزائم رکھتی ہے لیکن پاکستان کے مسلح ادارے، فوج اور دیگر سیکورٹی ادارے پوری طرح چوکس ہے ۔

پاکستان اتنا طاقتور ہے کہ وہ دشمن قوتوں کی ہر طرح کے اقدامات کا مقابلہ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے اس طرح کے تخریبی بیانات اور اقدامات سے پاکستان کو کمزور نہیں کیاجاسکتا۔ بلکہ ایسے بیانات سے پاکستانی قوم زیادہ مضبوط اور متحد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب تیزی سے ترقی کررہی ہے جو دشمنوں کوایک آنکھ نہیں با رہی ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج سے تین سال پہلے امن و امان کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے ملک سے سرمایہ کار جارہے تھے اور اپنا سرمایہ دوسرے ممالک کو منتقل کررہے تھے لیکن موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں اور دیگر اقدامات سے اب دنیا سرمایہ کاری کے لئے رابطے کررہی ہے جبکہ سرمایہ کارپاکستان کو مستقبل کا معاشی حب اور اربوں ڈالر کی آما جگاہ قرار دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے وکلاء سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں شہید وکلاء کے خاندانوں کی ہرممکن امداد کی جائے گی اور ان کے بچوں کو تعلیم، صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے وفاقی حکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ نے پورے ملک کو ہلاکر رکھ دیا ہے ۔ ہم سب غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

متعلقہ عنوان :