سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے رینجرز کو بریفنگ دینی تھی مگر ان کا کوئی نمائندہ نہیں آیا ،رہنما پیپلز پارٹی

سندھ رینجرز نے کمیٹی میں جو رپورٹ پیش کی وہ جعلی این جی او کی ہے ،بین الاقوامی این جی او کی رپورٹ سن کر تشویش ہوئی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

جمعرات 18 اگست 2016 11:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اگست۔2016ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے رینجرز کو بریفنگ دینی تھی مگر ان کا کوئی نمائندہ نہیں آیا ،سندھ رینجرز نے کمیٹی میں جو رپورٹ پیش کی وہ جعلی این جی او کی ہے ،بین الاقوامی این جی او کی رپورٹ سن کر تشویش ہوئی ۔وہ بدھ کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سینیٹ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے سندھ رینجرز کے نمائندے کو کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دینی تھی مگر سینیٹ کمیٹی میں رینجرز کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا ،سندھ رینجرز کی جانب سے کمیٹی میں جو رپورٹ پیش کی گئی وہ ایک جعلی این جی او کی تھی ۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ بین الاقوامی این جی او کی رپورٹ کے جملے سن کر تشویش ہوئی ، کراچی آپریشن پر انسانی حقوق پر رینجرز کی رپورٹ میں تضاد ہے ،اگر کوئی تحقیقات ہو رہی ہیں تو اس کی رپورٹ سامنے آنی چاہیے تاکہ رینجرز جیسے ادارے پر شکوک وشبہات کا سایہ نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اداروں کی تحویل میں ملزم (آفتاب احمد) کا مارا جانا تشویشناک ہے ۔