پاکستان کا روس اور ترکمانستان سے بجلی کی خریداری کیلئے آمادگی کا اظہار

کاسا توانائی کوریڈور منصوبے کے تحت تاجکستان اور کرغستان ، افغانستان اور پاکستان کیلئے 1300 میگا واٹ بجلی فراہم کریں گے

منگل 23 اگست 2016 11:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2016ء)حکومت پاکستان نے روس اور ترکمانستان کی جانب سے کاسا توانائی کوریڈور کے ذریعے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے منصوبے میں شامل ہونے کی پیشکش قبول کر لی ہے۔ ایک اعلیٰ حکومتی عہدیدار کے حوالے سے ایک میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منصوبے کے تحت تاجکستان اور کرغستان ، افغانستان اور پاکستان کے لئے ایک ہزار 300 میگا واٹ بجلی فراہم کریں گے جس میں سے پاکستان ایک ہزار میگاواٹ جبکہ افغانستان 300 میگا واٹ بجلی حاصل کرے گا ۔

اہلکار نے کہا کہ پاکستان نے وسطی ایشیا اورجنوبی ایشیا کو منسلک کرنے کے توانائی منصوبے(کاسا) کے زریعے روس اور ترکمانستان سے بجلی کی خریداری کے لئے آمادگی کا اظہار کیا ہے جس سے سال بھر بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

سرکاری اہلکار کے مطابق اگرچہ سردیوں میں پاکستان میں بجلی کی طلب میں کمی آتی ہے تاہم وہ گھریلو ضروریات کو پورا کرنے کیلئے مہنگے پاور پلانٹس کو بند کرکے روس اور ترکمانستان سے بجلی کی درآمد کو ترجیح دے گا۔

رپورٹ کے مطابق ترکمانستان میں گیس سے جبکہ روس پن بجلی اور گیس دونوں سے بجلی کی ایک بڑی مقدارحاصل کر رہے ہیں۔کاسا ایک پائلٹ منصوبہ ہے جس سے نہ صرف تاجکستان اور کرغزستان سے پاکستان کو صاف توانائی میسر ہوگی بلکہ دیگر ممالک کو اپنی اضافی بجلی برآمد کرنے کی راہ ہموار ہوگی ۔