کراچی حملہ پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے، کسی سیاسی جماعت کو بیچ میں نہ لایا جائے، اسحاق ڈار

سب اپنی اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنا فرض ادا کریں، جو ہوا قانون اس کے خلاف حرکت میں آئے گا،نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 23 اگست 2016 11:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2016ء)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کراچی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ پاکستان کے مفاد کے خلاف ہے کسی سیاسی جماعت کو بیچ میں نہ لایا جائے سب اپنی اپنی ذمہ داری نبھائیں اور اپنا فرض ادا کریں جو ہوا قانون اس کے خلاف حرکت میں آئے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں میڈیا کے دفاتر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جو بھی ہوا وہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا قانون کے دائرے میں احتجاج جاری تھا،پرویز رشید رہنماؤں سے بات کرکے پونے چار بجے آئے پھر الطاف حسین کی تقریر سے صورتحال تبدیل ہوگئی اور6بجے یہ واقعہ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے نظام کو بچانا ہے،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،سندھ اور وفاق اپنا اپنا فرض ادا کریں اور اپنی اپنی ذمہ داری نبھائیں اور جو بھی اقدام قانون کے مطابق ہے وہ کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ کسی سیاسی جماعت کا نہیں پاکستان کے مفاد اور پاکستان کا معاملہ ہے کسی سیاسی جماعت کو بیچ میں نہ لایا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے