فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے کوئی ابہام پیدا نہیں ہوا‘ واسع جلیل

ایم کیو ایم کو پہلے بھی رابطہ کمیٹی پاکستان چلاتی ہے الطاف حسین قائد ہیں اور رہیں گے‘ رہنماء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن

بدھ 24 اگست 2016 11:04

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2016ء) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی لندن کے راہنماء واسع جلیل نے کہا ہے کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے کوئی ابہام پیدا نہیں ہوا‘ ایم کیو ایم کو پہلے بھی رابطہ کمیٹی پاکستان چلاتی ہے الطاف حسین قائد ہیں اور رہیں گے‘ فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واسع جلیل نے کہاکہ اس پریس کانفرنس سے کوئی ابہام پیدا نہیں ہوا۔

ایم کیو ایم کو پہلے بھی پاکستان رابطہ کمیٹی ہی چلاتی تھی اب بھی رابطہ کمیٹی پاکستان ہی چلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ایم کیو ایم کے قائد تھے قائد ہیں اور رہیں گے ندیم نصرت ایم کیو ایم کنونیئر ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام فیصلے پہلے بھی پاکستان میں ہی ہوتے تھے اب بھی پاکستان میں ہی ہوں گے۔

(جاری ہے)

تاہم کوئی بھی فیصلہ کرنے کے لئے مشاورت ضروری ہے فاروق ستار کوئی فیصلہ خود نہیں کر سکتے۔

وہ مشاورت سے فیصلہ کرکے الطاف حسین کو بھیجیں گے اور فیصلے کی توثیق الطاف حسین ہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی رہائی سے قبل مائنس ون کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی پاکستان میں تکنیکی طور پر فاروق ستار ہی پارٹی کے ہیڈ ہیں ایم کیو ایم لندن میں رجسٹرڈ نہیں ہے لیکن تمام فیصلوں کی توثیق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی اور لندن ہی کرتی ہے اور متحدہ کے قائد جہاں بھی ہوں فیصلوں کی توثیق وہی کرتے ہیں۔