چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی ماسکو میں روس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ویلری گراسیموف سے ملاقات،جیوسٹریٹجک صورتحال اور سیکورٹی چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 25 اگست 2016 10:38

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2016ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے بدھ کو ماسکو میں روس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ویلری گراسیموف سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جنرل راشد محمود روس کے سرکاری دورے پر ہیں۔ بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی روسی چیف آف جنرل سٹاف سے دوطرفہ بات چیت میں جیوسٹریٹجک صورتحال اور سیکورٹی چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں اطراف نے پاکستان اور روس کی مسلح افواج کے مابین تعاون بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ روسی جنرل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے رشیئن انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز کا بھی دورہ کیا اور ادارے کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) لیوند پی رشینکوف سے ملاقات کی۔ قبل ازیں وزارت دفاع آمد پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا وکٹری پارک میں آمد پر شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔