کراچی،مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے دفاترمسمارکرنے کاسلسلہ شروع

متحدہ کے گڑھ کراچی، حیدرآباد میں متحدہ قائد کی تصاویر ہٹا دی گئیں کراچی کے مکاچوک عزیزآبادکانام تبدیل کرنے کافیصلہ

جمعہ 26 اگست 2016 10:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2016ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر مسمار کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، رات گئے تک 4یونٹ آفسز گرادیئے گئے تھے ۔ایم کیو ایم کے دفاتر مسمار کرنے کا فیصلہ گذشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی موجودگی میں ہونے والی اعلی سطح کے اجلاس میں کیاگیاتھا۔تفصیلات کے مطابق متحدہ قائد کی پاکستان مخالف تقریر اور نعروں کے بعد کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر کو گرانا شروع کردیا گیا ہے ،کراچی میں پہلا دفتر جمعرات کو بھینس کالونی میں انتظامیہ کی جانب سے مسمار کیا گیا جس کے بعد ابوالحسن اصفہانی روڈ، یونیورسٹی روڈ پر موسمیات کے مقام قائم یونٹ 33Bاور گلشن معمار یونٹ کو بھی مسمار کردیا گیا تھا ۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز حکومت سندھ نے فیصلہ کیاتھا کہ سرکاری زمینوں،پارکس،اسکولوں،فلاحی پلاٹوں میں قائم ایم کیوایم کے دفاترگرادیئے جائیں۔

(جاری ہے)

اس بات کافیصلہ گزشتہ روزوفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارکی موجودگی میں ہونے والی اعلی سطح کے اجلاس میں کیاگیاتھا۔کراچی کے مختلف علاقوں عزیزآباد ،مکا چوک اور اطراف میں نصب ایم کیو ایم کے قائدکی تمام تصاویر اتارلی گئی ہیں۔

نامعلوم افراد نے مکا چوک اور جناح گراوٴنڈ میں نصب ایم کیو ایم کی تصاویر اور پوسٹرز اتارلئے۔یہ تصاویر اور پوسٹرز الصبح نامعلوم افراد نے نوچ کر اتارلئے۔ مکا چوک پرایم کیو ایم کی تمام تصاویر کا نام و نشان تک باقی نہیں بچا ہے۔ ادھر جناح گراوٴنڈ میں بھی تمام تصاویر اتارلی گئی ہیں۔ ان مقامات پر ایم کیو ایم قائد کی تصاویر گذشتہ بیس سال سے نصب تھیں۔

حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ہولڈنگ بورڈ پر لگی تصاویرمشتعل افراد نے پھاڑ دیں۔ لطیف آباد یونٹ نمبر 7، 8 ،2، اور 6 میں لگی ہولڈنگ بورڈ پر ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی لگی تصاویر پھاڑ دی گئیں، حیدرآباد میں 200سے زائد مقامات پر جگہ جگہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تصاویر لگی ہوئی ہیں جنہیں مشتعل افراد کی جانب سے پھاڑے جانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

22اگست کو کراچی پریس کلب کے باہر الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر اور میڈیا ہاؤسز پر حملوں کے بعد سے کراچی کے بعد حیدرآباد میں بھی صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے اور مشتعل افراد ایم کیوایم کے قائد کی تصاویر پھاڑ رہے ہیں۔کراچی کے علاقے مکا چوک عزیز آباد کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مکا چوک کا نیا نام فائنل کرلیا گیا ہے، نیا نام شہید ملت لیاقت علی خان چوک ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر وسطی کو نام بدلنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ عزیز آباد کے علاقے میں مکا چوک فاروق ستار کی میئر شپ کے دور میں 1991ء میں قائم کیا گیا تھا،14 اگست 2009ء میں مصطفیٰ کمال کے دور میں اس کی تزئین و آرائش کی گئی۔ذرائع کے مطابق نام کی تبدیلی کے ساتھ ہی علاقے میں نئے نام کا بورڈ بھی لگایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :