وزیراعظم نے پانامہ لیکس پر اہلخانہ کو جاری نوٹسز کی جواب کی تیاری کا عندیہ دیدیا

قانونی ماہرین کا انتخاب ملکی اور غیر ملکی سینئر وکلاء سے کیا جاسکتا ہے،ذرائع مسلم لیگ ن

پیر 5 ستمبر 2016 11:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے اپنے خاندان کے افرا دکو پانامہ لیکس کے حوالے سے جاری کیے گئے نوٹسز کی جواب کی تیاری کا اشارہ دے دیا ہے اس سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب کی تیاری کے لئے قانونی ماہرین کا انتخاب ملکی اور غیر ملکی سینئر وکلاء سے کیا جاسکتا ہے۔

جو ان نوٹسز کا جواب تیار کرکے ایف بی آر کو پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں وزیراعظم نے مشاورت کے لیے بعض سینئر وکلاء سے اتوار کے روز ٹیلی فونک بات چیت بھی کی ہے اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بعض ہدایات بھی جاری کی ہیں ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اپنے بڑے صاحبزادے حسین نواز جو ان دنوں لندن میں ہیں ان سے بھی رابطہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پانامہ لیکس میں نام شامل ہونے پر وزیراعظم کے تین بچوں حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ جن سے ان نوٹسز کا 15روز میں جواب طلب کیا گیا ہے۔