بھارتی فوجی سربراہ دلبیر سنگھ کا دورہ مقبوضہ کشمیر ، فوج کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 11:01

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء )بھارت کی فوج کے سربراہ جنرل دلبیر سنگھ نے مقبوضہ کشمیر کا دورہ کیا ہے، مقتدر بھارتی میڈیاکے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جنرل دلبیر سنگھ نے وادی کے ان چار اضلاع کا دورہ کیا جہاں گزشتہ دو ماہ سے شدید عوامی احتجاج کیا جا رہا ہے۔

جنرل سنگھ کو جنرل آفیسر کمانڈنگ آف چنار کور کے لیفٹیننٹ جنرل ستیش دو نے سکیورٹی صورت حال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ جنرل سنگھ نے لائن آف کنٹرول پر واقع فوج سرحدی چوکیوں کا بھی معائنہ کیا۔ دفاعی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ جنرل سنگھ نے وادی کے شمالی اور جنوبی حصوں میں فوجی دستوں سے بھی ملاقات کی۔کشمیر سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جمعہ کو وادی کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی نماز کے بعد اجتجاج کے خدشات کے پیش نظر کئی جگہوں پر کرفیو میں سختی کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میں گزشتہ دو ماہ سے معمول کی زندگی مفلوج ہے اور عوامی احتجاج پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ اور طاقت کے استعمال میں اب تک تہتر شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ایک پولیس اہلکار کے مطابق کشمیر میں انننتناگ، پلواما، کلگم، شوپیاں، پمپور، اوانتیپورا، ترل، بارامولا، پتن اور پلہالن کے علاوہ سری نگر کے چودہ پولیس اسٹشینوں کے علاقوں میں کرفیو میں سختی کر دی گئی ہے۔