ڈاکٹرفاروق ستارکی صحت بہترہے،ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال

4سے 5روزہسپتال میں رکھاجائیگا،سی ٹی اسکین اوربلڈٹسٹ کی رپورٹ آگئی ہیں،انہیںآ رام کی شدیدضرورت ہے،انجم رضوی کی پریس کانفرنس

منگل 13 ستمبر 2016 08:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء)ڈاکٹر فاروق ستار کی صحت بہتر ہے ان کو 4 سے 5 روز اسپتال میں رکھا جائے گا۔ ترجمان لیاقت نیشنل ہسپتال کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے سی ٹی اسکین اور بلڈ ٹیسٹ کی رپورٹ آگئی ہیں، انہیں آرام کی شدید ضرورت ہے۔لیاقت نیشنل ہسپتال کے ترجمان انجم رضوی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ فاروق ستار کے ٹیسٹ کی رپورٹس آگئی ہیں، جن کے مطابق خطرے کی کوئی بات نہیں اور اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فاروق ستار کی طبی نگرانی کے لیے ڈاکٹرز کی 12 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جس میں ہر شعبے کے کنسلٹنٹس اور ماہرین شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے فاروق ستار کا تفصیلی چیک اپ کیا اور انہیں سر، گردن، کمر یا پسلیوں کے پاس کوئی سنجیدہ چوٹ نہیں آئی تاہم انہیں تکلیف کی شکایت ضرور تھی جو ڈاکٹرز کے مطابق حادثے کے بعد ایک معمول کی بات ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

انجم رضوی نے کہا کہ جب کوئی گاڑی چار پانچ قلابازیاں کھاتی ہے تو اندر موجود شخص بھی تہہ و بالا ہوجاتا ہے اور بعد میں اسے درد کا احساس ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو بظاہر کوئی زخم نہیں لگا، تاہم معمولی خراشیں ضرور آئی ہیں۔انجم رضوی نے بتایا کہ فاروق ستار کو ہسپتال لاتے ہی ان کی خون کے نمونے لے لیے گئے تھے، ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا اور تقریباً صبح ساڑھے پانچ بجے وہ گہری نیند سو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سونے سے قبل فاروق ستار کی حالت کافی بہتر تھی اور وہ فون پر دوست احباب سے بات چیت بھی کررہے تھے اور اْس وقت بھی وہ کافی پرجوش اور اپنے مکمل ہوش و حواس میں تھے۔ڈاکٹرز وقفے وقفے سے جاکر ان کی نبض اور بلڈ پریشر وغیرہ چیک کررہے ہیں ، ان کے سر کا بھی سی ٹی اسکین ہوا تھا، جسم کا ایکسرے اور الٹراساوٴنڈ بھی کیا گیا اور ان سب کی رپورٹس نارمل ہیں تاہم ڈاکٹرز ان کی مزید تین سے چار دن نگرانی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جب فاروق ستار سو کر اٹھیں گے تو ڈاکٹرز ان سے بات کریں گے اور کچھ مزید ٹیسٹ لیے جائیں گے جس کے بعد وہ اپنا لائحہ عمل طے کریں گے۔انجم رضوی کا کہنا تھا کہ فاروق ستار کو وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے اور وہ تیزی سے رو بصحت ہیں تاہم انہیں تین سے چار روز ہسپتال میں زیر نگرانی رکھا جائے گا اور ڈاکٹرز نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فاروق ستار کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی ہسپتال لایا گیا جس کا نام سبطین ہے، وہ ایم کیو ایم رہنما کے کوآرڈینیٹر ہیں، ان کا بھی سی ٹی اسکین ہوا تھا، انہیں گردن کے پیچھے اور بازو وغیرہ پر چوٹیں آئی ہیں۔اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈی ایس پی ناصر لودھی نے بتایا کہ ہسپتال میں تمام ضروری سیکیورٹی اقدامات کردیئے گئے ہیں اور یہاں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی کوگزشتہ شب حیدر آباد سے کراچی آتے ہوئے نوری آباد کے مقام پرحادثہ پیش آیا۔ فاروق ستار سمیت 3 سکیورٹی گارڈز زخمی ہو ئے تھے۔ فاروق ستار کو کمر اور کندے پر چوٹیں آئی ہیں۔ابتدائی طور پر اے اوکلینک منتقل کئے جانے کے بعد لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔