بھارت کا جبر اور بربریت قابل قبول نہیں، کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، وزیر اعظم

اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرائے،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے، نواز شریف کی صدر ،وزیر اعظم آزاد کشمیر اور حریت رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 17 ستمبر 2016 11:17

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، بھارت کا جبر اور بربریت کسی صورت قابل قبول نہیں، عالمی برادری کو بھی اپنی خاموشی توڑنی ہو گی۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم نواز شریف نے حریت کانفرنس رہنماؤں سے ملاقات کی جس میں صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی موجود تھے،ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں پر بھارت کے ظلم و ستم اور بربریت پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اور حالیہ دنوں میں کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور نہتے کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے معاملے کو اقوام متحدہ سمیت دنیا کے ہر فورم پر اٹھانے پراتفاق کیا گیا ہے،کشمیری حریت رہنماؤں نے وزیر اعظم نوازشریف کے مقبوضہ کشمیرکے عوام کے جذبات کو سراہا اور دورہ امریکہ سے پہلے اعتماد میں لینے پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ پہلے وزیراعظم ہیں جو دورہ امریکہ سے پہلے کشمیر آ کر مشاورت کر رہے ہیں، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیرکوبھرپورطریقے سے اجاگرکروں گا،مختلف ملکوں کے سربراہوں سے ملاقات میں بھی مسئلہ کشمیر پربات کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم اور بربریت کی انتہاء ہو چکی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دی جائے، کشمیری انصاف اور حق خودارادیت کا مطالبہ کرتے ہیں، کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو عالمی برادری تسلیم کر چکی ہے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو اپنی خاموشی توڑنا ہو گی جبکہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں ے مطابق حق خود ارادیت کا وعدہ پورا کرے، آج کشمیری اور ہم جذباتی اور غصے میں ہیں تو یہ بجا طور پر درست ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا جبر اور بربریت کسی صورت قابل قبول نہیں، طاقت سے ایسی تحریکوں کو دبایا نہیں جا سکتا، کشمیریوں کی تحریک آزادی کاسورج ضرور طلوع ہو گا کیونکہ ظلم کو مٹنا ہے اور حق کی فتح ہونی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ہر فوم پر آواز بلند کریں گے اور کشمیریوں کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔