پاک بحریہ کے لیے تعمیر کردہ تیسری فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ کی لانچنگ

چیف آف دی نیول اسٹاف نے فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ کی لانچنگ ،میری ٹائم پٹرول ویسل کے تعمیر ی کام کے آغاز کے بیک وقت انعقاد کو بے حد سراہا بحری جہازوں کی شمولیت سے نہ صرف پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ خطے کے امن و استحکام پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے، ایڈمرل محمد ذکاء اللہ سی پیک منصو بہ نہ صرف چین اور پاکستان کے لیے اقتصاد ی اعتبار سے گیم چینجرثابت ہوگا بلکہ اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے، تقریب سے خطاب

اتوار 18 ستمبر 2016 13:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18ستمبر۔2016ء)پاک بحریہ کے لیے تعمیر کردہ تیسری فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ کی لانچنگ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے لیے تیار کیے جانے والے 600ٹن میری ٹائم پٹر ول ویسل کے تعمیر ی کام کے آغازکی مشترکہ تقریب آج کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW)میں منعقد ہوئی۔ سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ کی لانچنگ اورمیری ٹائم پٹرول ویسل کے تعمیر ی کام کے آغاز کے بیک وقت انعقاد کو بے حد سراہا اور کہا کہ یہ اہم کامیابیاں بالخصوص دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے حکومتی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت کراچی شپ یارڈ میں ہمارے دیرینہ دوست چین کی تکنیکی معاونت سے 3 بحری جہاززیر تعمیر ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جغرافیائی اور دفاعی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان بحری جہازوں کی شمولیت سے نہ صرف پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی آپریشنل صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ بحری حوالے سے بھی اس سے خطے کے امن و استحکام پر دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (CPEC) منصوبے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی جو گوادر پورٹ کی مرکزی حیثیت کے ساتھ خطے کی تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔

انہوں نے اس حقیقت کی جانب بھی اشارہ کیا کہCPECمنصو بہ نہ صرف چین اور پاکستان کے لیے اقتصاد ی اعتبار سے گیم چینجرثابت ہوگا بلکہ اس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک محفوظ اور پرامن بحری ماحول کی فراہمی CPECکی کامیابی کے لیے مرکزی اہمیت کی حامل ہے۔ پاکستان نیوی اس اہم مقصد کے حصول کے لیے پوری طرح پر عزم ہے اور اس جانب کئی ضروری اقدامات کیے جاچکے ہیں۔

تیسری فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ اور زیر تعمیر میری ٹائم پٹرول ویسل منصوبے کی تکمیل سے خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ قبل ازیں مینیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ اس وقت کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے پاس بحری جہازوں کی تعمیر کے کئی آرڈرز موجود ہیں اور جلد ہی کراچی شپ یارڈ کی تینوں سلپ ویز پر تعمیر ی کام جاری ہوگا۔

کراچی شپ یارڈ کے دیگر پروڈکشن ایریاز پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ سال تک جاری رہنے والی متعدد مرمتی سرگرمیوں کے لیے گریونگ ڈاکس پہلے ہی بک ہوچکی ہیں اور حال ہی میں قائم ہونے والی فاؤنڈری کو 25 شوگر مل رولرز اورپاکستان ریلویز کے لیے7کرینوں کے آرڈرز مل چکے ہیں۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم کی تیاری کا کام تسلی بخش انداز میں جاری ہے اور اس کی تکمیل سے کراچی شپ یارڈ کی بیک وقت جہاز سازی اور مرمت کی صلاحیت میں نمایاں بہتری آئی گی ۔

مزید برآں اس سے کراچی شپ یارڈ کی آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگاجس سے ملکی خزانے کو فائدہ پہنچے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو روزگار بھی میسر ہوگا۔تقریب میں چین سے تشریف لائے ہوئے معزز مہمانوں ، اعلی حکومتی اور نیول حکام اور کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :