ملک و قوم کی بہتری کیلئے میدان میں نکلے ہیں،عمران خان

30 ستمبر کے پروگراموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں پوری کشمیری قوم آزادی چاہتی ہے،مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ہے ،چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹیکسلا میں انتخابی جلسہ سے خطاب

ہفتہ 24 ستمبر 2016 10:41

سنگ جانی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے صدیق خان کی ناگہانی وفات پانے کے باعث پی پی 7میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمار صدیق خان کے آخری جلسہ سے خطاب کے دوران بھارتی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ طاقت کے زور پر کسی قو م کو غلام بنایاجا سکتا تو امریکہ اور روس، افغانیوں کو غلام بنا چکے ہوتے۔

آج بھارت کے چند گنے چنے ہمدردوں سمیت پوری کشمیری قوم آزادی چاہتی ہے اور بھارتی مسلح فوج کا مقابلہ کرتے ہوئے قربانیاں دے رہی ہے۔ میں مقبوضہ کشمیر کے عظیم لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں مسئلہ کشمیر کا واحد پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدمیں پنہاں ہے مگر عالمی ادارہ ان قراردادوں پر عمل درآمد نہیں کروارہا ،ملک عزیز پاکستان کو درپیش بیرونی مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے ہم تیار ہیں ،انھوں نے کہا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرات کا قلع قمع کرنے کیلئے بھر پور جدوجہد کررہی ہے اور پوری قوم اپنی قابل فخر فوج کی پشت پر موجود ہے عمران خان نے کہا ملک کواندرونی سطح پر جو مشکلات درپیش ہیں ان کے خاتمے کیلئے پاکستان تحریک انصاف نے ایک واضح پروگرام قوم کو دیا ہے اور اس پروگرام کے تحت ہم آگے بڑھ رہے ہیں دنیا میں ترقی یافتہ ملکوں نے اپنے اداروں کو آزاد وخود مختار رکھ کر اور مستحکم کر کے ترقی کی ہے اگر ادارے مضبوط ہوں تو کوئی بھی کرپشن نہیں کر سکتا انھوں نے کہا کہ نواز شریف پانامالیکس کے حوالے سے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا لیکن اس کے خلاف کسی اتھارٹی نے احتساب کرنے کو ضروری نہیں سمجھا اگر نیب خود مختار اور آزاد ادارے کی حیثیت سے شفاف احتساب کرتا تو نواز شریف آج جیل میں ہوتاہمیں اداروں سے انصاف نہیں مل رہا تو ایسے میں ہم سڑکوں پہ نہ آئیں توکیا کریں احتجاج کرنا ہر آدمی کا جمہوری حق ہے اور یہ حق کسی سے چھینا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ کرپشن نے ملک کو تباہی کے کنارے لا کھڑا کیا ہے کرپشن کی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار پاکستا ن کے بجائے بنگلہ دیش کا رخ کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ میں ”ن“ لیگ کے گلو بٹوں نے ہم پر حملہ کیا مگر ہمیں انصاف نہیں ملا۔ اب ایاز صادق نے میرے خلاف جھوٹا ریفرنس بھیجا ہے حالانکہ ریفرنس نواز شریف کے خلاف آنا چاہیے تھا ۔

کیا ہی اچھا ہوتا کہ سپیکر اسمبلی عادلانہ رویہ اختیار کر کے نواز شریف کے خلاف ریفرنس بھیجتے۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ملک و قوم کی بہتری کیلئے میدان میں نکلے ہیں عوام کو چاہیے کہ آگے بڑھ کر ہمارے ہاتھ مضبوط کریں اور 26ستمبر کو ہمارے امیدوار عمار صدیق خان کو ووٹ دے کر قومی و ملی بیداری کا ثبوت دیں جبکہ 30 ستمبر کے پروگراموں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماشاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت سے کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی حماقت نہ کرے ہم نے چوڑیا ں نہیں پہن رکھیں پاکستان کی طرف بڑھنے والی ٹانگیں توڑ کے رکھ دیں گے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلا ف ورزیاں کر رہا ہے ایسے میں ہم اگرمظلوم کشمیریوں کی حمایت کی بات کریں تو بھارت کو مرچیں لگ جاتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ حکمران ،قوم کی دولت لوٹ کر باہر لے گے کیا قومی دولت لوٹنے والوں کا احتساب نہیں ہونا چائیے عوام بتائے ہم کیا خاموش ہو جائیں یا حساب لیں ابھی ہم پانامالیکس کا رونا رورہے تھے کہ بہاماس لیکس میگا سکینڈل سامنے آگیا ،اسحاق ڈار کا بہاماس پر فوری تحقیقات اور پانامالیکس پر صبر ،شکر ،خاموشی اور انتظار افسوس ناک ہے پبلک اکاونٹس کمیٹی کے سورما کہتے ہیں کہ انکوائری نہیں کر سکتے حصول انصاف اور احتساب کے لیے رائیونڈ جانا ناگزیر ہوچکا ہے ہم رائیونڈ جائیں گے تو بیرون ملک سے دولت واپس آئیگی ،عمار صدیق خان کو کامیاب کرنے کے لیے 26ستمبرکو بلے پر مہر لگائیں اور 30ستمبر کو ہر گلی شہر محلے اور گاؤں سے نکلنے والے قافلوں میں بھر پور شرکت کریں ۔

انتخابی جلسہ میں خواتین سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ پنڈال کھچا کھچ بھرا تھا جبکہ پنڈال سے باہر دور دور تک اور قرب و جوار کی عمارات کی چھتوں پر اور ریلوے ٹریک کے آر پاربڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔