ظالم دنیا میں تنہا ہوتا ہے،تنہائی سے بچنے کیلئے بھارت کو کشمیریوں پر ظلم بند کرنا ہو گا،پرویز رشید

بھارت جنگ کی دھمکیاں اور گیدڑ بھبکیاں دے رہا ہے لیکن وہ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا بلوچستان سے ایک بھی آواز ایسی نہیں جو بھارتی وزیر اعظم کو خوش کر سکے پاکستان زندہ آباد کہنا ان کا اچھا نہیں لگتا لیکن بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہیں گے بھارت اگر سی پیک منصوبے کی مخالفت کرے گا تو وہ خود ہی دنیا سے تنہا ہوجائے گا، عمران خان کراچی ، پشاور سمیت ہر جگہ سے لوگوں کو ہلہ گلہ کرنے کے لئے رائیونڈ جمع کررہے ہیں لیکن اس کے برعکس نواز شریف پاکستان کو خنجراب سے گوادر تک ملانے کی کوشش کررہے ہیں تحریک انصاف کا 30ستمبر کو میلہ ہوگا اور اکتوبر میں خالی ٹھیلہ ہوگا، میڈیا سے گفتگو

پیر 26 ستمبر 2016 10:47

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر۔2016ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹرپرویز رشید نے کہاہے کہ ظالم دنیا میں تنہا ہوتا ہے،تنہائی سے بچنے کیلئے بھارت کو کشمیریوں پر ظلم بند کرنا ہو گا،ہندوستان کی طرف سے کشمیر ی عوام پر ستم ڈھائے جا رہے ہیں، کشمیریوں کے غصے کو کم کرنا نئی دہلی کی ذمہ داری ہے،بلوچستان سے ایک بھی آواز ایسی نہیں جو بھارتی وزیر اعظم کو خوش کر سکے،پاکستان زندہ آباد کہنا ان کا اچھا نہیں لگتا لیکن بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہیں گے، بھارت اگر سی پیک منصوبے کی مخالفت کرے گا تو وہ خود ہی دنیا سے تنہا ہوجائے گا، عمران خان کراچی ، پشاور سمیت ہر جگہ سے لوگوں کو ہلہ گلہ کرنے کیلئے رائیونڈ جمع کررہے ہیں لیکن اس کے برعکس وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان کو خنجراب سے گوادر تک ملانے کی کوشش کررہے ہیں، تحریک انصاف کا 30ستمبر کو میلہ ہوگا اور اکتوبر میں خالی ٹھیلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

الحمراء ہال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ہر کالج ، ہر پلے گراؤنڈ میں پاکستانی جمع ہوکر وطن کا قومی ترانہ گاتے ہیں،بلوچستانی دوسرے پاکستانیوں کی طرح سب سے بڑھ کر پاکستانی ہیں،بلوچستان میں ایک بھی آواز نہیں جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو سنائی دے اور ان کے کانوں میں کوئی خوشی کی بات سنا سکے،اصل میں بلوچستان سے پاکستان زندہ آباد کے نعرے ان کو اچھے نہیں لگتے لیکن وہ بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے سنتے رہیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان نے کبھی نہیں کہا کہ سی پیک منصوبہ صرف پاکستان اور چین کیلئے ہے ، سی پیک منصوبے سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا،اگر چین سے تھوڑے وقت اور کم قیمت میں دنیا کو چیزیں پہنچے گی تو اس سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا،دنیا کا را مٹیریل اور دوسری چیزیں پاکستان کے راستے چین تک گزر کر جائیں گی،پاکستان میں بھی صنعتی حب بنیں گے،توانائی کے منصوبے لگیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے میں یہ بات شامل ہے کہ انڈسٹریل زون بھی بنیں گے اور اگر پاکستان میں اچھی سڑک ہوگی ،اچھی ریل کی پٹڑی ہوگی اور ایک اچھی بندر گاہ ہوگی ،بندرگاہ صرف دو ملکوں کے لئے نہیں ہوتی بلکہ دنیا کے تمام ملک بندرگاہوں کا استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہندوستان سی پیک منصوبے کی مخالفت کرتا ہے تو وہ ساری دنیا کی مخالفت کررہا ہے تو اس طرح بھارت خود ہی دنیا سے تنہا ہوجائے گا۔

رائیونڈ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ تحریک انصاف کا 30ستمبر کو میلہ ہوگا اور اکتوبر میں خالی ٹھیلہ ہوگا، عمران خان پورے ملک سے لوگوں کو رائیونڈ جمع کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے لئے انہوں نے کروڑوں روپے خرچ کردئیے ہیں،اس کے برعکس وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان کو خنجراب سے گوادر تک ملانے کی کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان خنجراب سے گوادر تک مل جائے،کراچی تک پاکستان سڑک اور ریل کے ذریعے مل رہا ہے،وزیر اطلاعات نے کہا کہ نواز شریف ملکی ترقی کیلئے کوشش کررہے ہیں لیکن عمران خان کراچی سے پشاورتک لوگوں کو ہلہ گلہ کرنے کے لئے رائیونڈ جمع کررہے ہیں،عمران خان 30ستمبر کو میلہ کر لیں گے تو اکتوبر میں انکا ٹھیلہ خالی ہوجائے گا، انشاء اللہ پاکستان ترقی کے سفر پر چلتا رہے گا۔

پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے ساڑھے تین سالوں میں جوسیاست کی اسے ہم نے صبروتحمل سے برداشت کیا اور عمران خان کو سیاست کا بیڑا غرق کرنے اوراپنی جماعت کو برباد کرنے کا جو ہنر آتا ہے وہ صرف انہیں میں موجود ہے وہ نہ کسی دوسری جماعت اور نہ کسی سیاسی رہنماء میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے خاموشی ، صبر،تدبر سے انکی تمام غلط سیا ست کو برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2018ء کے عام انتخابات میں اپنی پانچ سالہ کارکردگی عوام کو دکھائیں گے ،ان کے پانچ سال کے کرتوت بھی عوام کو یاد کرائیں گے،اب عمران خان کی باتوں کا محمد نواز شریف کو جواب نہیں دینا پڑے گا، مسلم لیگ (ن)نے اس کیلئے نوجوانوں کی جونیئر ٹیم تیار کرلی ہے جو عمران خان کے لئے کافی ہوگی۔علاوہ ازیں ایک ٹی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں اور گیدڑ بھبکیاں دے رہا ہے لیکن وہ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔بھارت جنگ کا ماحول پیدا کرکے دنیا کو دھوکا دے رہا ہے مگر اب اس سے دھوکے کی سیاست سنبھالی نہیں جارہی۔