خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے ،دریاؤں سے پانی کا استعمال بڑھا دیں گے،نریندر مودی کی نئی بڑھک

بھارتی وزیر اعظم کی زیر صدارت سندھ طاس معاہد ے کا اجلاس ،کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا

منگل 27 ستمبر 2016 10:47

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27ستمبر۔2016ء )بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے ،سندھ طاس معاہدے کے مطابق اپنے پانی کا استعمال بڑھا دیں گے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے اجلاس ہواجس میں اس معاہدے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا تاہم اس دوران سند ھ طاس معاہد ے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔

اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری نریپندرہ مشرہ ،نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت دول اور سیکریٹری خارجہ جے شنکر نے شرکت کی جس میں سندھ طاس معاہدے کے قانونی ،سیاسی اور سفارتی پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اڑی حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کوختم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان پر وار کرتے ہوئے کہاکہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے ،سندھ طاس معاہدے کے مطابق اپنے پانی کا استعمال بڑھا دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کے سابق سیکریٹری خارجہ کنول سبل نے کہا ہے کہ سندھ طاس بین الاقوامی معاہدہ ہے اور بھارت ذمہ دار ملک ہے اس لیے ہمیں بین الاقوامی سطح پر ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنا ہو گا۔واضح رہے کہ 1960میں پاکستانی صدر ایوب خان اور بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے درمیان سند ھ طاس معاہدہ طے پایا تھا جس کے مطابق دریائے بیاس،راوی اور ستلج کا کنٹرول بھارت کے پاس جبکہ پاکستان کا کنٹرول دریائے سندھ ،جہلم اور چناب پر رکھا گیا تھا۔