وزیر خزانہ کی زیر صدارت ایکنک کا ا جلاس

283ارب روپے کے چھ منصوبوں بشمول گوادر نواب شاہ ٹرمینل ، ایل این جی ٹرمینل پائپ لائن منصوبہ بلوچستان میں20چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبے ، بلوچستان پیکج تھری ، ریلوے کیلئے 58الیکٹرک انجن لینے کے منصوبے کی منظوری دیدی

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 10:57

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2016ء ) ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل ایکنک نے 283ارب روپے کے چھ منصوبوں بشمول گوادر نواب شاہ ٹرمینل ، ایل این جی ٹرمینل پائپ لائن منصوبہ بلوچستان میں20چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبے ، بلوچستان پیکج تھری ، ریلوے کیلئے 58الیکٹرک انجن لینے کے منصوبے کی منظوری دیدی ۔ ایکنک کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت جمعہ کو وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا ایکنک نے گوادر نواب شاہ ایل این جی ٹرمینل اینڈ پائپ لائن پروجیکٹ منصوبے کی منظوری 203،314 ملین ڈالر میں دے دی یہ منصوبہ 2سال کے عرصے میں مکمل ہوگا اس منصوبے کے ذریعے گوادر میں قدرتی گیس کی سپلائی کی کمی کو دور کیا جاسکے گا اس منصوبے کے تحت 42انچ کی 700کلو میٹر پائپ لائن گوادر سے نواب شاہ تک تعمیر کی جائے گی اکنامک آفیئر ڈویژن اس میں ایگزم بینک چائنہ کے ساتھ منصوبے کو فنانس کرنے کی حامی بھر لی ہے ۔

(جاری ہے)

ایکنک نے وزارت ریلوے کو 58الیکٹرک ڈیزل انجن 16300ملین روپے میں خریدنے کی منظوری دیدی یہ انجن دسمبر 2016ء تک خریدے جائینگے ان انجنز کو پچاس پرانے انجنز کے متبادل کے طورپر استعمال کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ ایکنک نے بلوچستان میں 100 چھوٹے ڈیمز منصوبے کے تحت 20ڈیمز بنانے کی منظوری دیدی ہے ان ڈیمز پر 7829ملین روپے خرچ ہونگے یہ منصوبہ تین سال کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا اس منصوبے سے بلوچستان میں پانی کی کمی کو پورا کیا جاسکے گا جبکہ سیلاب کی صورت میں175500ایکڑ فٹ ذخیرہ کیا جاسکے گا ان ڈیمز کی تعمیر سے صوبے میں سیر و سیاحت کو فروغ دیا جاسکے گا اس حوالے سے وزیر خزانہ نے وزارت ترقی و منصوبہ بندی کو ایک مانیٹرنگ یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کی جو کہ تین سال کے عرصے میں منصوبے کی تعمیر پر عملدرآمد یقینی بنائیگا کمیٹی میں وزارت پانی و بجلی کا ایک ممبر بھی شامل ہوگا۔

ایکنک نے سدرن پنجاب پاوریٹی ایلویشن پروجیکٹ کی نظر ثانی شدہ لاگت 4657ملین روپے میں منظوری دیدی اس میں غیرملکی امداد کے 4140ملین روپے بھی شامل ہیں اس منصوبے سے جنوبی پنجاب کے چار اضلاع بہاولپور ، بہاولنگر ، مظفر گڑھ اور راجن پور میں لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جائینگے انٹرنیشنل فنڈز فار ایگریکچرل ڈویلپمنٹ نے اس منصوبے کیلئے40.13ملین ڈالر کا قرضہ دینے کی حامی بھری ہے جس سے ان علاقوں میں مہنگائی کو کم کرتے ہوئے لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع و دیگر اقدامات کئے جائینگے یہ منصوبہ 2017ء میں مکمل ہوگا ۔

ایکنک نے گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 106میگا واٹ کی 29077.173ملین روپے میں منظوری دیدی یہ منصوبہ کے پی کے کے ضلع چترال میں لگایا جائے گا اس منصوبے سے 106میگا واٹ بجلی حاصل ہوسکے گی ایکنک نے 7سیکنڈری ٹرانسمیشن لائنز اور گرڈ اسٹیشن قائم کرنے کے منصوبے کی 19989.114ملین روپے میں منظوری دیدی جس میں غیر ملکی ا مداد کے 1920.574ملین روپے بھی شامل ہیں یہ منصوبہ پانچ سال کے عرصے میں مکمل کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :