اقوام متحدہ کی پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل،دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار

بھارت خطے میں امن و سلامتی کے لئے خطرات پیدا کر رہا ہے ، بھارت کا سرحد پر سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا ہے ، بھارت پاکستان کے خلاف اپنی جارحیت کا بارہا اظہار کر چکا ہے، بھارت خطے میں حالات خراب کرکے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ، مسئلہ کشمیر کی بنیادی وجوہات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ، ملیحہ لودھی کی بان کی مون سے گفتگو

ہفتہ 1 اکتوبر 2016 10:58

نیو یارک( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1اکتوبر۔2016ء ) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ملکوں پر خطے میں امن بحال کرنے پر زور دیا ہے ۔ بانکی مون نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کا بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث مکمل فعال نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا ۔

دفتر خارجہ کے مطابق جمعہ کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے ملاقات کی اور ان کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔ بان کی مون نے پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی اور دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے خطے میں امن بحال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دو پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر دکھ ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملیحہ لودھی نے بانکی مون کو آگاہ کیا کہ بھارت خطے میں امن و سلامتی کے لئے خطرات پیدا کر رہا ہے ۔ بھارت کا سرحد پر سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ جھوٹا ہے ۔ بھارت پاکستان کے خلاف اپنی جارحیت کا بارہا اظہار کر چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں حالات خراب کرکے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے ۔ مسئلہ کشمیر کی بنیادی وجوہات پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔

بھارت مسلسل کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار کر رہا ہے اور کشمیر میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے سیکرٹری جنرل بانکی مون سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے میں کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل بانکی مون نے اقوام متحدہ کے مبصر گروپ کا بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث مکمل فعال نہ ہونے کا اعتراف بھی کیا۔