مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کیمپ پرمسلح افراد کا حملہ2 بھارتی فوجی ہلاک 5اہلکار زخمی، جوابی کاروائی میں 2حملہ آور مارے گئے ،باقی فرار بھارتی میڈیا

نامعلوم حملہ آوروں نے 46راشٹریہ رائفلز کے کیمپ کونشانہ بنایا ،شدید فائرنگ کی گئی جبکہ ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے گئے ، آرمی چیف اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو فوری طور پر صورتحال سے آگاہ کردیا گیا،بھارتی میڈیا بھارت کا ایک بار پھرپاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام

پیر 3 اکتوبر 2016 10:29

سری نگر/نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2016ء)مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولہ میں بھارتی فوج کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں2 بھارتی فوجی ہلاک اور5زخمی ہوگئے جبکہ بھارتی سیکورٹی فورسز نے 2حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے،جبکہ باقی حملہ آور فرار ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر حملے کا الزام پاکستان پر لگا دیا،دوسری جانب بھارت نے ایک بار پھرپاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائدکیا ہے ۔

اتوار کو بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے 50کلومیٹر دور بھارتی افواج کے کیمپ پر6کے قریب حملہ آوروں نے دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور 2زخمی ہوگئے ۔سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے فوج کے 46راشٹریہ رائفلز کے کیمپ کومقامی وقت کے مطابق ساڑھے 10بجے نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے بھارتی فوج کے کیمپ پر شدید فائرنگ کی گئی جبکہ ہینڈ گرنیڈ بھی پھینکے گئے جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے بھی جوابی کارروائی کی گئی جس میں 2حملہ آور مارے گئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 6 یا 7تھی ۔ باقی حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ حملے کے بعد بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کو فوری طور پر صورتحال سے آگاہ کیا گیا ۔

واضح رہے کہ 46راشٹریہ رائفلز کیمپ بارہ مولا کے پرانے قصبے میں واقع ہے جبکہ اس کیمپ میں بھارتی دہشتگرد افواج کے اعلی افسران کے دفاتر ہیں۔ادھر بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر اڑی حملے کی طرح اس مرتبہ پھر بھارتی فوج کے کیمپ پر حملے کا لزام پاکستان پر لگایا ہے ۔بھارتی ٹی وی چینلز مسلسل پاکستان کے خلاف الزام تراشیاں کر تے رہے ۔دوسری جانب بھارت نے ایک بار پھرپاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فورسز نے جموں وکشمیر کے اکھنور سیکٹر میں بھارتی چوکیوں پر فائرنگ اور گولہ باری کی ہے جس پر جوابی کاروائی بھی کی گئی ۔