پانامہ لیکس پر پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی کا بل فوری طور پر منظور کیا جائے، کائرہ

بلاول پارٹی اور قوم کا موقف کل اجلاس میں بیان کر دیا حکومتی حکمت عملی کی ابہام سے سی پیک پر صوبوں کے درمیان دوریاں پیدا ہو گئیں عمران خان کا پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے ،پارٹی کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2016 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اکتوبر۔2016ء) پیپلزپارٹی کے راہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس سے متعلق پارلیمنٹ میں پیپلزپارٹی کا بل فوری طور پر منظور کیا جائے، سی پیک کے معاملے پر صوبوں کے درمیان دوریاں پیدا ہو گئیں یہ حکومتی حکمت عملی کی ابہام کی وجہ سے ہوا ہے انہیں دور کرنا چاہئے گزشتہ شب اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو میں کیا اجلاس میں سید خورشید شاہ ، اعتزاز احسن ، نوید قمر سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ اجلاس میں پانامہ لیکس ، کشمیر کی صورت حال ، ملک کی اندرونی اور بیرونی صورت حال کے حوالے سے معاملات زیر غور آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے پارٹی اور قوم کا موقف کل ہونے والے اجلاس میں بیان کر دیا ہے پیپلزپارٹی کشمیریوں کی جدوجہد آ زادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

اے پی سی میں مسئلہ کشمیر کے معاملے پر تمام جماعتوں نے حکومت کا ساتھ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک معاملہ ابہام کا شکار ہو چکا ہے حکومتی پالیسی کی وجہ سے چھوٹے صوبوں کے تحفظات میں اضافہ ہوا ہے اس حوالے سے پچھلی اے پی سی میں جو فیصلے ہوتے تھے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ پی پی پی اصل اپوزیشن ہے یا تحریک انصاف اس کا فیصلہ عوام کرے گی، عمران خان کا پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے ۔