کراچی پولیس کی کارروائی ، نائن زیرو کے قریب بند مکان سے بھاری تعداد میں سرکاری اور نیٹو کا اسلحہ، گولہ بارود اور بلٹ پروف جیکٹس برآمد

،برآمد ہونے والا اسلحہ 3ٹرکوں اور پولیس موبائلوں پر لاد کر ڈی آئی جی ویسٹ کے دفتر میں منتقل کیا گیا

جمعرات 6 اکتوبر 2016 10:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6اکتوبر۔2016ء)کراچی پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے سیل مرکز نائن زیرو کے قریب ایک بند مکان سے بھاری تعداد میں سرکاری اور نیٹو کا اسلحہ، گولہ بارود اور بلٹ پروف جیکٹس برآمد کرلی ہیں ، اسلحہ اس قدر تھا کہ اس سے ایک محدود جنگ لڑی جاسکتی تھی،برآمد ہونے والا اسلحہ 3ٹرکوں اور پولیس موبائلوں پر لاد کر ڈی آئی جی ویسٹ کے دفتر میں منتقل کیا گیا ۔

ایڈیشنل ڈی آئی جی مشتاق مہر نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ صبح 5 بجے کے قریب ایک گرفتار ملزم کی نشاندہی پر نائن زیرو کے قریب ایک بند مکان پر چھاپا مارا گیا، جس کی ٹینکی سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔پولیس نے مکان کے ٹینک سے اینٹی ایئرکرافٹ گن، اینٹی ٹینک مائن اور دیگر ہتھیار بھی برآمد کیے۔

(جاری ہے)

مشتاق مہر نے بتایا کہ یہ اسلحہ 9 اور 10 محرم الحرام کو دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں کہ یہ مکان کس کے نام پر ہے، کب سے بند تھا، آخری مرتبہ یہاں کون آیا، مکان کسی کو کرائے پر دیا گیا تھا اور یہ اسلحہ کراچی میں ہونے والی کسی دہشت گردی یا تخریب کاری میں تو استعمال نہیں ہوا۔مشتاق مہر نے اس موقع پر پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسلحہ برآمد والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہرنے بتایا کہ چھاپہ گرفتارملزم کے بیان پرمارا گیا،گرفتارملزم کے بیان کے مطابق اسلحہ سیاسی جماعت کاہے،جس جگہ سے اسلحہ برآمدکیاگیا،وہاں کسی اورسیاسی جماعت کاہوہی نہیں سکتا۔اسلحہ چائناکٹنگ اوربھتاخوری کی رقم سے خریدا گیا تھا، اس میں سرکاری اور نیٹوکااسلحہ بھی شامل ہے،اسلحے کی خریداری میں بڑے بڑے نام آرہے ہیں،تحقیقات کررہے ہیں کہ مکان کتنے عرصے سے بندتھا،اسلحے کی فرانزک ٹیسٹ کرائے جائیں گے،بڑی تعدادمیں اسلحہ ملاہے،گنتی جاری ہے۔

برآمد اسلحہ 3 ٹرکوں میں لوڈ کرکے ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لارک کے دفتر منتقل کیا گیا، لیکن اہلکار جلد بازی میں مکان کو سیل کیے بغیر ہی چلے گئے جبکہ مکان کے پانی کے ٹینک میں بڑی تعداد میں گولیاں بھی چھوڑ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران300سے زائد راکٹ لانچرز اور لاکھوں کی تعداد میں گولیاں و رائفل گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

کارروائی میں پانی کے ٹینک سے درجنوں بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹ بھی برآمد ہوئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اسلحہ پانی کے ٹینک میں گتوں کے پیکٹ میں چھپایا ہوا تھا۔ دوسری جانب علاقے میں یوٹیلیٹی بل پہنچانے والے سرکاری نمائندے کا کہنا ہے کہ وہ اس بند گھر نمبر/8 824 میں گزشتہ دو سال سے پانی کا بل ڈال رہا ہے مگر اسے گھر کا مرکزی گیٹ ہمیشہ سے بند ہی ملا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پولیس نے سات گھنٹے تک مکان میں کارروائی کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھرسے اب تک جتنا اسلحہ برآمد ہوا ہے اتنا شہر کی تاریخ میں اب تک کسی کارروائی میں نہیں پکڑا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جس مکان سے اسلحہ برآمد ہوا ہے وہ نعیم اللہ نامی شخص کے نام پر ہے، پچھلے 2 سال سے بجلی کا بل ادا نہیں کیا گیا، گھر کے ایک گرد آلود کمرے میں کیلنڈر بھی لگا ہوا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ مکان میں جنوری 2015 سے قبل کسی خاندان کی رہائش تھی۔

متعلقہ عنوان :