ملیحہ لودھی کی بھارت کو مسئلہ کشمیر سمیت اہم مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی دعوت

جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، خطے کو پرامن بنانے کیلئے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے،سیمینار سے خطاب

ہفتہ 8 اکتوبر 2016 10:46

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8اکتوبر۔2016ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے بھی بھارت کو مسئلہ کشمیر سمیت اہم مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی دعوت دیدی اور کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، خطے کو پرامن بنانے کے لئے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہو گا،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا فوری نوٹس لے۔

ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ ملنے سے علاقے میں کشیدگی پھیل رہی ہے، بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ماننے سے مسلسل انکار کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی اور خطے میں شدید تناوٴ ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کو مسائل کے حل کے لئے بامعنی مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی رائے شماری سے حل ہونا چاہئے جس کے لئے عالمی برادری کا بھارت پر دباوٴ اور کردار نہایت اہم ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کشیدگی کو مزید ہوا دینے کی بجائے مسائل کے حل پر توجہ دے تاکہ خطے میں قیام امن کیلئے جاری پاکستانی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں اور دنیا میں قیام امن کیلئے عالمی برادری کا ساتھ دے رہا ہے مگر بھارت ان کوششوں کو نقصان پہنچانے کے لئے سرحدوں پر کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ خطے کو پرامن بنانے کے لئے بھارت کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی۔