تحریک انصاف کا اہم اجلاس،شرکاء کو معیشت اور اداروں پرکرپشن کے مہلک اثرات پر ڈاکیومینٹری دکھائی گئی

ادارے کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، کرپشن کی وجہ سے ٹیکس جمع نہیں ہوتا اور ادارے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں،ڈاکیو مینٹری تحریک انصاف پانامہ انکشافات کو قوم کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دے گی، وزیر اعظم کو احتساب کے لیئے مجبور ہونا ہی پڑے گا،عمران خان کا خطاب

جمعہ 14 اکتوبر 2016 11:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اکتوبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ٹی وی ٹاک شوز میں پارٹی کی نمائندگی کرنے والے رہنماوٴں نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء کو ملک کی معیشت اور اداروں پرکرپشن کے مہلک اثرات پر ڈاکیومینٹری دکھائی گئی جس میں دکھایا گیا کہ جن ملکوں میں کرپشن ہوتی ہے وہ ترقی نہیں کر سکتے ہیں۔

ڈاکیومینٹری کے دکھایا گیا کہ ادارے کسی بھی ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ کرپشن کی وجہ سے ٹیکس جمع نہیں ہوتا اور ادارے ٹیکس کے پیسے سے چلتے ہیں۔ٹیکس جمع نہ ہونے کی وجہ سے پولیس ، تعلیم اور صحت کے محکموں پر انوسٹ نہیں کیا جاسکتا۔ کرپشن کی نظر ہو کر پیسہ آفشور کمپنیوں کی نظر ہوجاتا ہے اور ملک دن بدن بدحالی کا شکار ہوتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکمران چاہتے ہیں پانامہ کو دفن کردیا جائے۔ تحریک انصاف پانامہ انکشافات کو قوم کی نظروں سے اوجھل نہیں ہونے دے گی۔ وزیر اعظم کو احتساب کے لیئے مجبور ہونا ہی پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کو آگے لیکر جانا ہے اور مستحکم بنانا ہے تو کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔ کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیئے وزیر اعظم کا احتساب ناگزیر ہے۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف 30اکتوبر کو انشاء اللہ ایک عظیم الشان احتجاج کرے گی۔ عوام تحریک انصاف کے شانہ بشانہ حکمرانوں کے احتساب کے لیئے 30اکتوبر کو باہر نکلیں گے