نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کیلئے چاروں صوبوں میں کمیٹیاں قائم کرنیکا فیصلہ

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:02

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء ) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کیلئے چاروں صوبوں میں کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا،اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ، چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اس پر عمل درآمد تیز کرنے سے متعلق لائحہ عمل بھی طے کیا گیا۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو تیز بنانے کا اعادہ کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ چاروں صوبوں میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کمیٹیاں قائم کی جائیں گی اور یہ صوبائی کمیٹیاں صوبے کے وزیراعلیٰ کے ماتحت کام کریں گی۔ صوبائی کمیٹیاں ایکشن پلان کے تمام نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنائی گی اور اس بات کی نشاندہی کریں گی کہ کن نکات پر عمل نہیں ہورہا۔