وزیر اعظم کی زیرصدارت زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس

کسانوں کو بنکوں کے ذریعے قرض اور اچھے اقسام کے بیجوں کی فراہمی کی سہولیات پیدا کی جائیں، وزیراعظم کی وزارت خوراک اور زراعت کو ہدایات

منگل 18 اکتوبر 2016 11:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اکتوبر۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے وزارت خوراک اور زراعت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانی چاہئے اور کسانوں کو بنکوں کے ذریعے قرض اور اچھے اقسام کے بیجوں کو فراہم کرنے کی سہولیات پیدا کی جائیں ۔پیر کے روز اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت زرعی پیداوار میں اضافے کے حوالے سے مشاورتی اجلاس کا انعقاد ہوا ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے وزارت خوراک کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے طریقہ کار میں جدت ، نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانی چاہئے ۔کسانو ں کو قرض کی فراہمی کے لئے مربوط دیہی ترقی کا پلان وضع کیا جائے۔کسانوں کو بنکوں کے ذریعے قرض کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

زرعی تحقیقی اداروں کی تنظیم نو کے لئے وزارت ٹھوس تجاویز پیش کرے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ وزارت خوراک بیج کی فراہیمی اور مارکیٹنگ سے متعلق نجی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ بیماریوں سے محفوظ بہترین پیداواری خصوصیت کے حامل بیج متعارف کرائی جائیں اور نئی اقسام کے بیج متعارف کرانے کے لئے آسان طریقہ کار کا وضع کیا جائے ۔وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی زرعی توسیع کا محکمہ کسانوں کو خاطر خواہ سہولت دینے میں ناکام رہا ہے۔

وزارت خوراک کسانوں کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے خدمات کا متبادل ذریعہ وضع کرے ۔ نجی اور سرکاری شعبے کی شراکت سے کسانوں کو سہولتیں فراہم کی جائیں ۔پالیسی پیپر میں فصل پر تین سے پانچ سال میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔پالیسی پیپر میں فصل کے لئے ضروری تین عوامل کا ذکر کیا گیا ہے ۔پالیسی پیپر میں پانی کے موثر استعمال پیداوار میں اضافے اور مارکیٹنگ کے حاصل کا جائزہ لیا جائے۔

پالیسی پیپر میں عالمی تجارتی تنظیم کی ہدایات کو بھی شامل کیا جائے ۔ کسانوں کے لئے کمیشن اور زرعی ٹیکنالوجی پارک کا بھی جائزہ لیا جائے ۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وزارت زراعت اور خوراک کو ہدایت کی ہے کہ خطہ پوٹھوہار میں زیتون اور انگور کی کاشت کا فروغ دیا جائے ۔ قلات اور خضدار کے علاقوں میں دالوں کی پیداوار پر توجہ دی جائے ۔مکران کے ساحلی علاقوں میں کھجور ، کوئٹہ اور ژوب ڈویژن میں سیب کے باغات لگائے جائیں ۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں گندم کی کاشت پر توجہ دی جائے اور تمام ہدایات کی روشنی میں وزارت ایک ہفتے میں جامع پریزیٹیشن تیار کر کے پیش کرے ۔

متعلقہ عنوان :