حکومت نے دھرنا روکنے کے لیے ڈنڈا چلایا تو بڑا ردعمل سامنے آئے گا، عمران خان کا انتباہ

شریف برادران کی حکومت نہیں چلنے دیں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں نوکریاں اور خوشحالی آئے گی، فیصل آباد میں ورکر کنونشن سے خطاب

جمعہ 21 اکتوبر 2016 10:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2016ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے دھرنا روکنے کے لیے ڈنڈا چلایا تو بڑا ردعمل سامنے آئے گا، شریف برادران کی حکومت نہیں چلنے دیں گے، ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں نوکریاں ملیں گی اور خوشحالی آئے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جب ایک کرپٹ وزیر کرپشن کرتا ہے تو ملک کو تباہ کرتا ہے، عوام کا پیسہ چوری کرکے ملک سے باہر بھیجا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ کرپٹ وزیراعظم آصف علی زرداری کو نہیں پکڑ سکتا ہے، کونسا وزیراعظم اپنے ملک کی فوج کو بدنام کرتا ہے، انہوں نے کہا ہمارے ملک کا کرپٹ وزیراعظم کرپشن چھپانے کے لیے فوج کو بدنام کر رہا ہے، کرپٹ وزیراعظم سے استعفیٰ لینا ضروری ہے، جس ملک کے ادارے تباہ ہو جائیں وہ ملک تباہ ہو جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے نوجوانوں کے پاس نوکریاں نہیں ہیں، 2نومبر کو پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، ایک نیا پاکستان بنائیں گے، جہاں نوجوانوں کو نوکریاں اور خوشحالی ملے گی، انہوں نے کہا کہ 2نومبر کو اگر حکومت نے دھرنا روکنے کے کیلئے ڈنڈا چلایا تو بڑا ردعمل آئے گا، آزادی کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں، حکومت جو بھی کرے گی ہم سہنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایسا نظام لائیں گے جو پوری دنیا کے لیے مثال بنے گا۔