وزیراعظم کی پالیسیوں سے وفاق اورحکومت کو خطرہ ہے،خورشید شاہ

حساس معاملات پر خبریں لیک اور اپنی فوج کو کمزور کر کے حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا حکومت جاگ پنجابی جاگ کی سیاست سے باہر نکلے ،وفاق کی سیاست کرے دارلحکومت کو لاک ڈاون اور مفلوج کرنا سراسر غیر قانونی اقدام ہے،بیان

جمعہ 21 اکتوبر 2016 10:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اکتوبر۔2016ء)قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشیداحمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی پالیسیوں سے وفاق اورحکومت کو خطرہ ہے اور حساس معاملات پر خبریں لیک کر کے اور اپنی فوج کو کمزور کر کے حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حیرت ہے کہ دو ہفتوں بعد بھی حساس خبر کو افشا کرنے والا پکڑا نہیں جا سکا۔

جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت جاگ پنجابی جاگ کی سیاست سے باہر نکلے اور وفاق کی سیاست کرے تاکہ ایک صوبہ اور ایک شہر نہیں بلکہ پورا ملک مضبوط اور طاقتور بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مکمل طور پر پارلیمانی سیاست کر رہے ہیں اور ہم نے بار بار کہا کہ آئیں ہم مل بیٹھتے ہیں اور ملک کے وسیع تر مفاد میں بل پاس کراتے ہیں۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ دھرنا دینا‘ سیاسی تحریک چلانا‘ جلسے جلوس کرنا سب کا سیاسی اور ائینی حق ہے۔

لیکن ملک کے دارلحکومت کو لاک ڈاون کرنا اور اس کو مفلوج کرنا سراسر غیر قانونی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں ہم سینیئر موسٹ جنرل کو کیوں اگے نہیں لایا جاتا اور اس میں حکومت کو کونسا خوف کارفرما ہے۔ خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاناما لیکس پر حکومت کا بل بد نیتی پر مبنی ہے اور حکومت ذاتی اور سیاسی مفادات کی اڑ میں خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔