ذاتی مفاد کیلئے اقتدار میں آنے والے اپنی عاقبت خراب کررہے ہیں،نواز شریف

اقتدار عوام کی امانت ہے اس میں خیانت نہیں کرنی چاہیے ،ملک کے غریبوں کا درد دل میں محسوس کرتا ہوں ،دہشت گردی ،لوڈشیڈنگ اور معیشت جیسے چیلنجز درپیش نہ ہوتے تو آج ملک کا ہر گھرانہ خوشحال ہوتا ،بے روز گاری کا نام و نشان بھی نہ ہوتا ،ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے ،عوام کے فلاحی کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،دہشت گردی کا قلع قع کر دیا ہے ،معیشت بھی درست سمت چل پڑی ہے ،2018 میں لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ کر دیں گے ،وزیر اعظم کا صحت پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 11:07

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2016ء)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اپنے ذاتی مفاد کیلئے اقتدار میں آنے والے اپنی عاقبت خراب کررہے ہیں ،اقتدار عوام کی امانت ہے اس میں خیانت نہیں کرنی چاہیے ،ملک کے غریبوں کا درد دل میں محسوس کرتا ہوں ،دہشت گردی ،لوڈشیڈنگ اور معیشت جیسے چیلنجز درپیش نہ ہوتے تو آج ملک کا ہر گھرانہ خوشحال ہوتا ،بے روز گاری کا نام و نشان بھی نہ ہوتا ،ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے ،عوام کے فلاحی کاموں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے،دہشت گردی کا قلع قع کر دیا ہے ،معیشت بھی درست سمت چل پڑی ہے ،2018 میں لوڈشیڈنگ کا بھی خاتمہ کر دیں گے ،جمعہ کے روز رحیم یارخان میں صحت پروگرام کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قرض چکانے کے لیے غریب اپنے گھر تک بیچ دیتے ہیں، غریب قرض لیتے ہیں اور قرض چکا نے کی سکت نہیں رکھتے لہذا جو لوگ اپنا علاج خود کرانے کے وسائل نہیں رکھتے ،صحت پروگرام خالصتاً انہی لوگوں کے لئے ہے ،یہ پروگرام گزشتہ سال2015ء میں شروع کیا گیا اور اب ملک کے کئی اضلاع میں صحت پروگرام شروع ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے لئے رحیم یار خان سے ڈھائی لاکھ افراد کا اندراج کیا گیا ہے۔ قومی صحت پروگرام ان غریبوں کے لئے ہے جن کے پاس علاج کے لئے وسائل نہیں ہیں،ہمیں اس مسئلے کا احساس اور ادراک ہے اور پچھلے دور حکومت میں گردوں کے علاج کا پروگرام دیا تھا لیکن کاش کے ہم سے پہلے آنے والوں نے ایسے پروگرامز کو جاری رکھے ہوتے ،وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کے غریب مریضوں علاج کے لئے تین لاکھ روپے تک خرچہ حکومت برداشت کرے گی ، تین لاکھ روپے سے زیادہ خرچہ آیا تو بیت المال سے مدد کی جائے گی۔

غریبوں کی صحت پر کوئی سیاست نہیں کریں گے۔آنے والے دنوں میں ملک بھر میں50نئے ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے جس میں تمام مہلک بیماریوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔ قومی صحت پروگرام سے مستفید ہونیو الوں سے ملنا چاہتا ہوں۔ا ن کے گھر جا کر خیریت دریافت کرنا چاہتا ہوں، انہوں نے کہا کہ کراچی لاہور موٹروے کے مختلف حصوں پر کام جاری ہے۔ ملتان سکھر موٹروے رحیم یار خان تک پہنچنے والی ہے۔

رحیم یار خان کراچی تا لاہور موٹروے سے منسلک ہو جائے گا۔ ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھ رہا ہے بلوچستان میں بھی سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کاموں کا انقلاب آ رہا ہے۔ کے پی کے میں برہان سے مانسہرہ اور پھر خنجراب تک جدید شاہراہ کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانں و میں قوم کا کوئی درد نہیں تھا۔ ملک کے تمام اداروں کا برا حال تھا۔

جب حکومت سنبھالی تو18، 18گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا تھا۔ ریلوے، پی آئی اے کا بیڑ اغرق ہو چکا تھا۔ حکومت ملک کے مختلف اداروں کو درست کر رہی ہے۔ اداروں کے بنیادی ڈھانچوں کی ترقی سے غربت کا خاتمہ اور معاشی سرگرمیوں میں فروغ حاصل ہو گا، وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے معاملات پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ، غریبوں کی خدمت پہلا فرض ہے باقی کام بعد میں ہیں۔

نواز شریف غریب مریضوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آخرت میں حکمرانوں سے سب سے پہلے پوچھا جائیگا کہ انہوں نے اپنی عوام کی کیا خدمت کی ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف نے پروگرام کے کامیاب آغاز پرشہباز شریف اور مریم نواز کی تعریف کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح خالی وعدے نہیں کریں گے بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھائیں گے اور ملک بھر کے عوام کی سہولت کیلئے ملک میں موٹر ویز کا جال بچھا دیں گے۔

نوازشریف نے کہا کہ اقتدارآنی جانی چیز ہے لہذا عوام کاخیال رکھناچاہیے یہ عوام کی امانت ہے اس میں خیانت نہیں کرنی چاہیے لیکن فائدے کے لیے اقتدارمیں آنے والے اپنی عاقبت خراب کررہے ہیں۔لوڈشیڈنگ ،دہشت گرد ی اور معاشی بحران جیسے چیلنجز درپیش نہ ہوتے تو آج ملک کا ہر غریب اور ا میر خوشحال ہوتا ،بے روزگاری اور تنگ دستی جیسے مسائل کا نام و نشان بھی نہ ہوتا، ماضی میں بہت سی روایت دیکھی ہیں کہ غریبوں پر پیسا خرچ نہیں کیا جاتا، کئی لوگ اپنی جائیداد بیچ دیتے ہیں اور پھر بھی علاج کی سہولیات انہیں میسر نہیں ہوتی جب کہ پاکستان میں ایسے بھی لوگ ہیں جن کے پاس ہسپتال سے گھر جانے کے پیسے نہیں ہوتے تاہم اب حکومت 50 نئے اسپتال بنا رہی ہے جہاں غریب کو علاج کے لیے اپنی جیب سے پیسا نہیں خرچ کرنا پڑے گا، غریب لوگوں کے علاج کے لیے جتنا پیسا لگانا پڑا لگاوٴں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موٹروے مسلم لیگ(ن) نے ہی بنائی، کسی اورپارٹی سے کیوں نہیں پوچھا جاتا انہوں نے موٹروے کیوں نہیں بائی اورہم اسے اب لاہور سے کراچی تک بنارہے جب بلوچستان میں بھی اقتصادی انقلاب برپا ہورہا ہے،ہماری حکومت نے ہی ریلوے کو اپ گریڈ کیا جبکہ پی آئی اے کو بھی اس کے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، کراچی کے حالات بھی ہماری حکومت نے ٹھیک کئے اورہم نے ہی دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی جبکہ بہت جلد قوم کو اس ناسور سے نجات مل جائے گی ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اورپولیس کے جوانوں اورافسروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ(ن) کی حکومت آئی تو لوڈ شیڈنگ کا کیا حال تھا لیکن 2018 لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہے جبکہ لوگوں کو بجلی سستی بھی ملے گی، آج ملک بھر میں پیٹرول اورڈیزل کی قیمتیں کم ہیں جب پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا شمار دنیا کی 5 بہترین مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :