آئی ایس پی آ راور پنجاب رینجرز کی ایل او سی پر پاکستانی فوجیوں کی شہادت کے بھارتی دعویٰ کی تردید

بھارتی فورسز نے شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ، پاکستان رینجرز کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا،پاک فوج یا رینجرز کا کوئی اہلکار شہید نہیں ہوا ا، بھارتی دعویٰ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے،ترجمان پاک فوج اس طرح کے دعوے کرنا بھارت کی عادت بن گئی ہے،ترجمان پنجاب رینجرز

ہفتہ 22 اکتوبر 2016 11:08

راولپنڈی،لندن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اکتوبر۔2016ء) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور پنجاب رینجرز نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے نتیجے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت کا بھارتی دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔جمعہ کے روز آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر ورکنگ باوٴنڈری کے قریب شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کا پاکستان رینجرز کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا جس کے بعد بھارتی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ اور شیلنگ چک امروگاوٴں کے شمال میں کی گئی جس کے نتیجے میں پاک فوج یا رینجرز کا کوئی اہلکار شہید نہیں ہوا اور سیکیورٹی اہلکار کی شہادت سے متعلق بھارتی دعویٰ سراسر جھوٹا اور بے بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی اشتعال انگیزی سے عام شہریوں میں سے بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس( بی ایس ایف )نے دعویٰ کیا ہے اس نے کنٹرول لائن پر جموں خطے میں ایک کارروائی میں پاکستان رینجرز کے سات اہلکاروں کو شہید کر دیا ہے ۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بی ایس ایف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فورسز کی کارروائی میں ایک عسکریت پسند بھی مارا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی جموں کے ہیرا نگر سکٹر میں جمعہ کی صبح پاکستانی رینجرز کی طرف سے ایک سنائپر حملے کے بعد کی گئی۔بی بی سی کے مطابق اس بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وہاں کی خبروں میں رینجرز نے پانچ اہلکاروں کی شہادتوں کا اعتراف کیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 19 اور 20 اکتوبر کی درمیانی شب ہیرا نگر سکٹر کے بوبیاں گاوٴں کے علاقے میں دراندازی کی کوشش کی گئی تھی۔ جوابی کارروائی میں ایک شدت پسند مارا گیا۔بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ جمعے کی صبح بین الاقوامی سرحد پر اسی علاقے میں پاکستانی رینجرز نے بی ایس ایف کی گشتی پارٹی کو نشانہ بنایا۔ رینجرز کی فائرنگ میں ایک کانسٹیبل زخمی ہوا ہے جس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

جوابی فائرنگ میں پاکستان کے سات رینجرز مارے گئے اور واقعے کے بعد سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب نے بھی بھارت کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے پنجاب رینجرز کے ترجمان میجر وحید نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بی ایس ایف کے اس دعوے کو مسترد کیا اور کہا کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں کیا ہے۔انھوں نے انڈین دعوے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس طرح کے دعوے کرنا ان کی عادت بن گئی ہے۔