پاکستان اور قومی اداروں کا مخالف مسلم لیگی نہیں ہو سکتا: چودھری پرویزالٰہی

مودی اور نوازشریف ایک پیج پر ہیں، تمام اپوزیشن جماعتوں کو عمران خان کے ساتھ ایک پیج پر آنا ہو گا: میڈیا سے گفتگو حمایت کا شکریہ، چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی ہدایت پر ٹی او آر کمیٹی میں طارق بشیر چیمہ کا اہم رول تھا: شاہ محمود قریشی

اتوار 23 اکتوبر 2016 13:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اکتوبر۔2016ء)پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور قومی اداروں کا مخالف مسلم لیگی نہیں ہو سکتا، بھارتی وزیراعظم اور وزیراعظم نوازشریف ایک پیج پر ہیں، پاکستان کی سلامتی اور قومی اداروں کے تحفظ کیلئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو عمران خان کے ساتھ ایک پیج پر آنا ہو گا۔

ملاقات میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، محمد بشارت راجہ، راجہ ناصر، واجد بخاری اور اجمل خان وزیر بھی موجود تھے اور اس میں 2نومبر کے دھرنا پر بھی مشاورت کی گئی۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں کوئی مسلم لیگی خاموش نہیں رہ سکتا، ملک اور قومی اداروں کے خلاف صرف باتیں ہی نہیں بلکہ عملی کام کرنے والوں کے خلاف میدان عمل میں آنا ہر مسلم لیگی کے دل کی آواز ہے اور وطن سے محبت کرنے والوں کو ایسے لوگوں کے خلاف جدوجہد میں پیچھے نہیں رہنا چاہئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور اداروں کی حفاظت کیلئے پی ٹی آئی اور تمام محب وطن اور اپوزیشن جماعتوں کو مل کر کام کرنا چاہئے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ پارٹی انتخابات میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی کامیابی پر مبارکباد دینے آئے تھے۔ انہوں نے دھرنا کی حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس پر پاکستان مسلم لیگ نے واضح اور ٹھوس موٴقف اختیار کیا۔ ٹی او آر کمیٹی میں چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کی ہدایت پر ان کی پارٹی کے نمائندے طارق بشیر چیمہ نے نہایت اہم اور فعال رول ادا کیا اور واشگاف انداز میں اپنی پارٹی کا جو موٴقف پیش کیا وہی ہماری پارٹی کا موٴقف تھا۔