طاہر القادری نے عمران خان کے دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کرلی

کرپشن کے خاتمے کی تحریک میں عمران خان کے ساتھ ہوں: ڈاکٹر طاہر القادری انہوں نے ٹیلی فون پر دعوت دی جو میں نے قبول کر لی،خرم نواز گنڈا پور کو رابطوں کی ہدایات دے دیں دونوں جماعتوں کے وفود ملاقات میں تفصیلات طے کریں گے ،قصاص تحریک میں پی ٹی آئی ہمارے ساتھ ہے

منگل 25 اکتوبر 2016 11:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اکتوبر۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے عمران خان کے دھرنے میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق شیخ رسید کی گزشتہ روز گنڈا پور سے ملاقات اور طاہر القادری سے فون پر گفتگو کے بعد گلے شکوے دور ہوگئے اور پیر کے روز عمران خان نے خود طاہر القادری کو فون کرکے انہین دو نومبر کی احتجاجی تحریک میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ہے اور عوامی تحریک کے کارکن اب دو نومبر کی تحریک میں شرکت کریں گے اور عمران خان کا ساتھ دیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق طاہر القادری نے مراکش کا دورہ بھی منسوخ کردیا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں تحریک میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو نومبر کو عوامی تحریک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہوگی۔

(جاری ہے)

تاہم کس طرح ساتھ دینا ہے اس کا فیصلہ ایک دو دن میں طے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک دو نکات پر متفق ہے سب سے اہم نقطہ ماڈل ٹاؤن کا قصاص ہے اور رانا ثناء اللہ نے خود اعتراف کیا ہے کہ پالیس کا مورال ویسا نہیں ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ رات ٹیلی فون کیا اور اسلام احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جو ڈاکٹر طاہر القادری نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی تحریک میں عمران خان کے ساتھ ہیں ۔عمران خان نے متنازعہ بیانات تک معذرت بھی کی ہے جس پر میں نے انہیں کہا کہ اسکی قطعاً ضرورت نہیں ہم آگے کی بات کریں ۔

انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کے حوالے سے تحریک انصاف پہلے کی طرح اب بھی ہمارے ساتھ ہے اور کرپشن کے خاتمے کی تحریک میں ہم ہر اس شخص کا ساتھ دیں گے جو ظلم کے نظام کو بدلنے کیلئے باہر نکلے گا۔انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کیلئے آخری سانس تک لڑوں گا ،قصاص تحریک کے علاوہ بھی کرپشن،دہشتگردی،آئین کے آرٹیکل 1 سے لے کر 40 تک پر عمل درآمد قومی ایشوز ہیں اور ہمارے سیاسی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں جماعتوں کے وفود آپس میں ملاقات کریں گے اور احتجاجی تحریک کی جزئیات طے کریں گے اس حوالے سے میں نے پارٹی کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کو ضرور ی ہدایات دے دیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے ہمارے 14 بے گناہ کارکنوں کی لاشیں گرائی ہیں ،بے گناہ کارکنوں کا خون ہم پر قرض ہے ،انصاف کیلئے مرتے دم تک جدوجہد جاری رکھوں گا سرنڈر نہیں کرونگا ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت اسلام آباد کے احتجاج میں شریک ہو گی ۔پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے بتایا کہ سربراہ عوامی تحریک اس وقت انٹرنیشنل سیرت کانفرنس میں شرکت کے سلسلے میں اردن میں ہیں ۔27اکتوبر کے بعد وہ لندن آئیں گے ،جہاں سے وہ مراکو جائیں گے ،مراکو کے بعد بھی انکی کچھ انٹرنیشنل مصروفیات ہیں تاہم تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے قائدین اگلے 24گھنٹے میں ملاقات کریں گے ۔