پی ٹی آئی کی حکومت کو بحران سے نکلنے کی پیشکش؟

پاناما اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے 2 نومبر سے قبل جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے قانون کو منظوری کرلے، شاہ محمود قریشی

پیر 31 اکتوبر 2016 11:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اکتوبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف نے بظاہر حکومت کو موجودہ بحران سے نکلنے کا ایک موقع فراہم کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ وہ پاناما اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے 2 نومبر سے قبل جوڈیشل کمیشن کے قیام کے حوالے سے قانون کی منظوری دیدے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکے اور پاناما پیپرز کی انکوائری کے حوالے سے اپوزیشن کے تیار کردہ بل کی منظوری کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس طلب کرلے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ’اگر حکومت سنجیدہ ہے تو وہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر پیش کردہ ٹی او آرز کے تحت انکوائری کمیشن کے قیام کے حوالے سے ایک آرڈیننس بھی جاری کرسکتی ، ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر حکومت نے ہماری تجویز کو قبول کرلیا اس کے لئے صرف اعلان کافی نہیں ہوگا بلکہ جوڈیشل کمیشن کے قیام اور قانون کی منظوری کے بعد ہم اپنا دھرنا ختم کر دیں گے۔