وسطی اور مشرقی پنجاب موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سموگ کی لپیٹ آگئے ،20رکنی خصوصی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ

بچوں‘ بیماروں اور معمر افراد کو سموگ سے بچانے کے لئے خصوصی اہتمام کیا جائے‘ گھر سے نکلتے ہوئے ماسک ضرور استعمال کریں،طبی ماہرین آنکھوں میں جلن کی صورت میں بار بار تازہ اور ٹھنڈے پانی سے آنکھوں کو دھویا جائے،خصوصی کمیٹی میں شامل طبی ماہرین کی سفارشات،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سموگ کا باعث بننے والی موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے سدباب کے لئے ضروری ممکنہ اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں

جمعرات 3 نومبر 2016 11:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2016ء )وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر قائم 20رکنی خصوصی کمیٹی نے سموگ کے بارے میں ابتدائی رپورٹ پیش کر دی ۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے وسطی اور مشرقی علاقے موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سموگ کی لپیٹ میں ہیں۔خصوصی کمیٹی نے سموگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ابتدائی پلان مرتب کر لیا ہے۔

خصوصی کمیٹی نے وزیراعلیٰ کو پیش کردہ ابتدائی رپورٹ میں سفارشات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سموگ کے دوران بڑی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافر احتیاط برتیں۔شہری سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کے لیے بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔بچوں بیماروں اور معمر افراد کو سموگ سے بچانے کے لیے خصوصی اہتمام کیا جائے اور خاص طور پر امراض سینہ میں مبتلا مریض سموگ کے دوران خصوصی احتیاط برتیں اور گھر سے نکلتے ہوئے سموگ کی آلودگی سے بچنے کے لئے ماسک استعمال کیا جائے اورٹریفک حادثات کے خطرات میں کمی لانے کے لیے ڈرائیور اندھیرے میں سفر کرنے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

کمیٹی میں شامل طبی ماہرین نے ہدایت کی ہے کہ آنکھوں میں جلن کی صورت میں بار بار تازہ اور ٹھنڈے پانی سے آنکھوں کو دھویا جائے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سموگ کا باعث بننے والی موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے سدباب کے لئے ضروری ممکنہ اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :