وزیر اعظم نا اہلی کیس:الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کر دی

عمران خان اور جہانگیر ترین کیخلاف دائر نا اہلی کے 3ریفرنسز عدم پیروی پر خارج

جمعرات 3 نومبر 2016 11:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3نومبر۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلے آنے تک ملتوی کر دی ہے۔ پی ٹی ائی کے چیئر مین عمران خان اور جہانگیر ترین سمیت وزیراعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نا اہلی ریفرنس کی سماعت15نومبر تک ملتوی کر دی جبکہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر نا اہلی کے 3ریفرنسز مخالف فریق کے پیش نہ ہونے پر خارج کر دیئے گئے۔

بدھ کے روز الیکشن کمیشن میں وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصا ف، پاکستان عوامی تحریک اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے دائر کئے جانے الے ریفرنسز کی سماعت ہوئی اس موقع پر وزیراعظم کے وکلا نے کہا کہ یہ تمام پٹیشنز پانامہ لیکس کے حوالے سے دائر کئے گئے ہیں چونکہ پانامہ لیکس کے حوالے سے اب سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے لہذا الیکشن کمیشن نا اہلی سے متعلق ریفرنسز پر سماعت روک دے۔

(جاری ہے)

جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم اور اس کے خاندان کے خلاف گوشواروں میں اثاثے ظاہر نہ کرنے کے حوالے سے پٹیشنز فائل کی گئی ہیں اس کا سپریم کورٹ میں د ائر پانامہ کیس کے ساتھ تعلق نہیں ہے الیکشن کمیشن کو اس کی سماعت کا اختیار حاصل ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اس سلسلے میں کمیشن کے ممبران مشاورت کر کے فیصلہ دے دیں گے۔

الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھجوائے جانے الے ریفرنسز پر جواب طلب کرتے ہوئے اس کی سماعت 16نومبر تک ملتوی کر دی ہے جبکہ کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف پی ٹی آئی کے نوابزادہ صلاح الدین اور عبدالجبار ٹبی کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت بھی 16نومبر تک ملتوی کر دی ہے جبکہ تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف دائر تین ریفرنسز عدم پیروی کی بنا پر خارج کر دیئے گئے ۔