پاکستان نے پکڑے گئے بھارتی سفارتکاروں کی تفصیلات جاری کردیں

بھارت اپنے سفارتکاروں کو مذموم عزائم کیلئے استعمال کررہا ہے یہ ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ بھارت میں پاکستانی سفارتکار اور ان کے اہلخانہ سکیورٹی خطرات سے دو چار ہیں ، ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کرینگے ، افغانستان میں امن و سلامتی چاہتے ہیں ، شربت گلہ کا معاملہ کورٹ میں ہے،انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جائزہ لے رہے ہیں ، نفیس زکریا کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعہ 4 نومبر 2016 11:05

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4نومبر۔2016ء ) پاکستان نے پکڑے گئے 8بھارتی سفارتکاروں کے پاکستان میں دہشتگردی سمیت دیگر تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنے سفارتکاروں کو مذموم عزائم کیلئے استعمال کررہا ہے جو ویانا کنونشن اور سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی ہے ، بھارت میں پاکستانی سفارتکاروں اور ان کے اہلخانہ کو سخت سکیورٹی خطرات لاحق ہیں ، پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کرے گا کیونکہ ہم افغانستان میں امن و سلامتی چاہتے ہیں ، شربت گل کا معاملہ کورٹ میں ہے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم معاملے کا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جائز ہ لے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز وزارت خارجہ میں ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارت کے پاکستان میں تعینات آٹھ سفارتکار بھارتی جاسوس ادارے ”را“ او رآئی بی سے وابستہ ہیں اور وہ پاکستان میں جاسوسی میں ملوث ہونے کے ساتھ تخریبی کارروائیاں کرانے کیلئے تحریک طالبا ن پاکستان ، فرقہ واریت پھیلانے والے گروپس کے ساتھ کراچی ، بلوچستان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں سفارتکاروں کے یہاں جاسوسی کرنا سفارتی آداب کے منافی ہے اور ان سفارتکاروں کیخلاف کارروائی کا عمل جاری ہے ترجمان نے کہا کہ بھارت کے پاکستان میں سفارتخانہ میں متعین آٹھ اہلکاروں میں چھ کا تعلق ”را“ سے جن میں کمرشل قونصلر راج کمار راگنی ہوتری ، پاکستان میں را کے اسٹیشن چیف ہیں فرسٹ سیکرٹری کمرشل انو راگ سنگھ وزیر اتارشی ، امر دیپ سنگھ بٹی اسٹاف کے دیگر ارکان دھرمیندرہ سودھی ، وجے کمار ورکا اور مدھوان کمار کا تعلق را سے ہے پریس اور میڈیا بلیر سنگھ بھارتی آئی بی کا پاکستان میں اسٹیشن چیف اور اسسٹنٹ پرسنل ویلفیئر آفیسر جیا بان سینتھل کا بھی تعلق آئی بی سے ہے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس سے پہلے بھی پاکستان کی جانب سے بھارتی اہلکار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر پاکستان چھوڑنے کا کہا تھا جوکہ پاکستان میں عبدالحفیظ کے جعلی شناخت پر وارہ کمپنی کا جعلی کارڈ رکھا ہوا تھا انہوں نے کہا کہ ہمیں مایوسی ہوئی کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی اور تخریبی کارروائیوں کیلئے مالی مدد فراہم کررہا ہے جبکہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو بھی اپنے جرم کا اعتراف کرچکا ہے ترجمان نے کہا کہ بھارت اپنے سفارتکاروں کو مذموم عزائم کیلئے استعمال کررہا ہے جو ویاناکنونشن اور سفارتی اداب کی کھلی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی سفارتخانے کے افسر پر بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے اور بھی پاکستانی سفارتکاروں کے نام دانستہ طور پر جاری کئے گئے ہیں اور ان کے خاندانوں کو سکیورٹی کے خطرات لاحق ہوئے جس کی وجہ سے وہ انہیں سفارتاتی خدمات سرانجام نہیں دے پارہے تھے جس کے باعث پاکستان نے انہیں واپس بلا لیا نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت دنیا کی توجہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے ہٹانے کیلئے اس طرح کے حربہ استعمال کررہا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی سفارتکاروں کے حوالے سے کارروائی کررہا ہے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ سفارتکاروں کی تعیناتی کے وقت کلیئرنس ہوتی ہے لیکن پاکستان کی جانب سے تحقیقات کے بعد بعدپتہ چلا ہے کہ یہ بھارتی سفارتکار پاکستان میں جاسوسی اور تخریبی کارروائی میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کرے گا کیونکہ پاکستان افغانستان میں امن و سلامتی چاہتا ہے جو کہ پاکستان خطے اور دنیا کے امن کے مفاد میں ہے افغانخاتون شربت گل کے حوالے سے مختلف سوالوں کے جواب میں ترجمان نفیس زکریا نے کہا کہ ان کا کیس عدالت میں ہے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن پاکستان کی جانب سے ان کے حوالے سے انسانی ہمدردی سے جائزہ لیا جارہا ہے