شہر قائد میں دہشت گرد پھر متحرک ،مختلف علاقوں میں فائرنگ ، اہلسنت و الجماعت کے تین کارکنان 5 افراد جاں بحق ،دو زخمی ، خوف و ہراس پھیل گیا

وزیراعلیٰ سندھ نے فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 5 نومبر 2016 11:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5نومبر۔2016ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں اہلسنت و الجماعت کے تین کارکنان سمیت 5افراد قتل اور دو زخمی ہوگئے ہیں ،واقعات کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ،آئی جی سندھ نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ایس ایچ اوز کو گشت میں اضافے کا حکم دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی کے علاقے شفیق موڑ کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موٹر سائیکل سوار تین نوجوانوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تینوں نوجوان شدید زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہیداپستال منتقل کیا جارہا تھا کہ تینوں نوجوان دم توڑ گئے ۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت یعقوب ،شاہد اور اسامہ کے نام سے ہوئی ہے ۔اہلسنت و الجماعت کے ترجمان کے مطابق مقتولین ان کے کارکنان تھے اور وہ تحفظ حرمین شریفین ریلی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا ۔

(جاری ہے)

جمشید کوارٹر تھانے کی حدود بزنس ریکارڈ روڈ پر فاطمہ بائی اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ دونوں افراد دم توڑ گئے ۔

پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مقتولین کی سر میں گولیاں ماری ہیں جس کی وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی ہے ۔حیدری تھانے کی حدود حیدری بس اسٹاپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ایک موٹرسائیکل سوار نوجوان پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں نوجوان زخمی ہوگیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی کو تحویل میں لے عباسی شہیداسپتال منتقل کیا ۔

پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت شفیق الرحمان ولد منظور اختر کے نام سے ہوئی ہے ۔لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو زخمی کردیا ۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی کو تحویل میں لے کر سول اسپتال منتقل کیا ۔کلاکوٹ پولیس کے مطابق مضروب کی شناخت شاہ جہاں ولد زرخان کے نام سے ہوئی ہے ۔