تحریک انصاف نے وفاقی وزیر ریلوے کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا

تین برس میں سینکڑوں افراد ریلوے حادثات میں اپاہج ، درجنوں زندگیاں ہار گئے، سعد رفیق وزیر اعظم اور انکے خاندان کی چور بازاری کے تحفظ میں مصروف ہیں،چیئرمین کی زیرصدارت اجلاس کے بعد بیان

اتوار 6 نومبر 2016 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6نومبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر ریلوے کی برطرفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق شہریوں کی زندگیوں کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ یہ مطالبہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مرکزی قیادت کا اہم اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ تین برس میں سینکڑوں افراد ریلوے حادثات میں اپاہج جبکہ درجنوں زندگیاں ہار گئے جبکہ سعد رفیق وزیر اعظم اور انکے خاندان کی چور بازاری کے تحفظ میں مصروف ہیں، آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے مطابق ریلوے کا شمار ملک کے کرپٹ ترین اداروں میں ہوتا ہے ۔

حال ہی میں ریلوے میں آڈیٹر جنرل نے کم و بیش نو ارب روپے کی کرپشن کی نشاندہی کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعد رفیق کی ساری توجہ دربار میں اپنی نوکری پکی کرنے پر مرکوز ہے سعد رفیق اطلاعات کی وزارت بھی ہتھیانا چاہتے تھے جس میں انہی ناکامی اور سبکی کا سامنا رہا۔ سعد رفیق کو فوری طور پر برطرف کرکے شہریوں کے قتل کا مقدمہ چلایا جائے،ریلوے گوداموں سے سکریپ کی چوری اور اربوں کی کرپشن کا حساب بھی سعد رفیق سے طلب کیا جائے۔