سرل لیکس کمیشن کا قیام ایک بار پھر کہتا ہوں انا للہ و انا الیہ راجعون، ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان اور اسکے 19کروڑ عوام کی حفاظت کیلئے اللہ رب العزت سے دعا گو ہوں میڈیا رپورٹ کے مطابق کمیشن کے سربراہ پنجاب حکومت اور بیٹی شریف خاندان کے نجی کالج میں ملازم ہے قومی سلامتی ہی نہیں قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی کھیل کھیلا جا رہا ہے ،لندن میں صحافیوں کے اعزاز میں عشائیہ

منگل 8 نومبر 2016 11:05

لندن /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8نومبر۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے اپنے ملازم کو سرل لیکس کمیشن کا سربراہ مقرر کئے جانے پر میں نیوز لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے ایک بار پھر کہوں گا ” انا للہ و انا الیہ راجعون“اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ رب العزت سے دعا گو بھی ہوں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور اسکے 19کروڑ عوام کی حفاظت کرے اس کے ساتھ ساتھ کرپٹ مقتدر ایلیٹ کے ہاتھوں بچ جانیوالے واحد ادارے فوج کی سلامتی کیلئے بھی دعا گو ہوں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لندن میں الیکٹرونک میڈیا کے پاکستانی نمائندوں اور سنیئر صحافیوں کے اعزاز میں دئیے جانیوالے عشائیہ کے موقع پر گفتگو ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئر مین ڈاکٹر حسن محی الدین، صدر یوکے خرم شہزاد، جنرل سیکرٹری عمرنوید، میڈیا کوارڈینیٹرآفتاب بیگ،شاہد مرسلین اورداؤد مشہدی بھی موجود تھے ۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ قوم کو دھوکہ دینے کیلئے ریٹائرڈ جسٹس کا نام استعمال کیا گیا یہ ریٹائرڈ جسٹس اس وقت پنجاب حکومت کے ملازم ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیئرمین ہیں جن کا تقرر میاں شہباز شریف نے اپنے ہاتھوں سے کیا ۔یہ دونوں خاندان ایک دوسرے کے پرانے نیاز مند ہیں ۔جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان تنہا شہباز حکومت کے ملازم نہیں انکی بیٹی بھی شریف خاندان کے ذاتی کالج شریف میڈیکل کالج میں وائس پرنسپل ہیں ۔

”ذاتی نوکر کمیشن“ کیا فیصلہ دے گا ایک ماہ کے طویل انتظار کی قطعاً ضرورت نہیں ہے ۔اس کمیشن سے وہی فیصلہ آئے گا جس کی کسی بھی نیاز مند سے توقع کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ سرل لیکس کو ایک ماہ گزر گیا اب کمیشن اپنے قیام کے ایک ماہ بعد رپورٹ وزیر اعظم کو دے گا اس کے بعد وزیر اعظم کی مرضی رپورٹ جاری کریں یا نہ کریں اس لئے اس سرل لیکس کمیشن پر بھی میرا تبصرہ ” انا للہ و انا الیہ راجعون“ ہے۔انہوں نے کہاکہ جس ملک میں حکومت قومی سلامتی کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی کھیل کھیلے اور کوئی ہاتھ روکنے والا نہ ہو تو اس ملک اور اسکے عوام کا اللہ ہی حافظ ہے ۔

متعلقہ عنوان :