ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہادتیں اور نقصان ،بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی ، احتجاج مراسلہ تھمایا گیا

جمعہ 11 نومبر 2016 11:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11نومبر۔2016ء)دفترخارجہ میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمباوالا کو طلب کر کے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ہونے والی شہادتوں اور نقصان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے جمعرات کے روز بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی مسلح افواج کی شدید فائرنگ او گولہ باری سے ہونے والی شہادتوں اور دیگر نقصانات پر شدید احتجاج کیا گیا، دفتر خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر کو دئیے گئے احتجاجی مراسلے میں کہا کہ بھارت2003میں ہونے والے سیز فائر معائدے اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی فائرنگ سے2ماہ کے دوران26کشمیری شہید اور 107زخمی ہوئے ہیں، بھارتی فوج نے13سال بعد توپ خانے کا استعمال کیا، بھارت جنگ بندی کا احترام اور اس پرعمل درآمد یقینی بنائے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تحقیقات کرے، انہوں نے کہا کہ بھارت اس طرح کے واقعات سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بڑھا رہا ہے، بھارت کے اقدامات سے علاقائی امن اور سلامتی متاثر ہوگی۔