وزیر اعظم اور سپیکر متنازع،پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت نہیں کرینگے، تحریک انصاف

ترک صدر سے ملاقات کیلئے ترک سفارتخانے سے رابطے کا فیصلہ ،عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو ٹاسک دیدیا وزیر داخلہ دکانیں کھلوانے وبند کرانے کے بجائے ملک سے وفاداری نبھائیں،پانامہ اورنیوز گیٹ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، شریفوں کی لوٹ مار کے شواہد کا ذخیرہ سپریم کورٹ میں جمع کروایا، سزا کے خوف سے دونوں بھائیوں کی دوڑیں لگی ہیں، چیئرمین تحریک انصاف کا اجلاس سے خطاب

اتوار 13 نومبر 2016 13:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2016ء) تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، عمران خان ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی وضاحت پیش کریں گے ، تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز تحریک انصاف کا اہم اجلاس بنی گالہ میں ہوا، اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت ،پانامہ لیکس کیس ،خبر لیکس سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تحریک انصاف کا کوئی رکن شرکت نہیں کرے گا ،ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور سپیکر ایاز صادق متنازع ہیں ان کے ہوتے ہوئے کسی بھی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ،ذرائع کے مطابق عمران خان نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو ٹاسک دیا ہے کہ وہ ترک سفارت خانے سے رابطہ کریں اور ترکی کے سفیر سے طیب اردگان ملاقات کیلئے وقت مانگ جائے تا کہ ترک صدر ملاقات کر کے وضاحت پیش کی جائے گی کہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کس وجہ سے شرکت نہیں کی ،عمران خان ترک صدر کو یہ باور کرائیں گے کہ ہمارا احتجاج کرپشن کے خلاف ہے، واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان 17نومبر کو پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاکٹ کمیشن کے ذریعے نیوز گیٹ کو دبانے کی کوششوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں شیریں مزاری ، جہانگیرترین ، اسد عمر سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے وزیرداخلہ چوہدری نثار کے حالیہ بیان کو خفگی چھپانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر داخلہ دکانیں کھلوانے وبند کرانے کی بجائے ملک سے وفاداری نبھائیں۔

انہوں نے کہاکہ ملکی سلامتی پر جو حملہ آور ہوگا اس کا محاسبہ کریں گے، پانامہ اور نیوز گیٹ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قوم جان چکی ہے، کرپشن کے حقیقی فوائد نواز شریف سمیٹتے ہیں محاسبے سے بچنے کیلئے نواز شریف نے خفیہ کاروباری سلطنت قائم کر رکھی ہے، قومی دولت کی لوٹ مار سے شریف خاندان کے کارخانے چلتے ہیں شریفوں کی لوٹ مار کے شواہد کا ذخیرہ سپریم کورٹ میں جمع کروایا سزا کے خوف اور پکڑ کے ڈر سے دونوں بھائیوں کی دوڑیں لگی ہوئی ہیں مزید جواب آنے پر ان کے مزید جھوٹ بے نقاب کریں گے ۔