بلاول کا نام وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور ن لیگ کے دیگر وزراء کیلئے خوف کی علامت بن گیا ہے،مولا بخش چانڈیو

دھری نثار احمد ملکی سلامتی اور دیگر اہم اشوز پر توجہ دینے کے بجائے بلاول بھٹو پر تنقید کر کے لوگوں کی توجہ ان اہم معاملات سے ہٹانا چاہتے ہیں نثار پی پی پی اور سندھ کے لوگوں کیلئے اپنے دل میں نفرت رکھتے ہیں بزرگ شخصیت کو گورنر سندھ بنا کر وفاقی حکومت کی جانب سے مذاق کیا گیا نواز شریف کا جانا ٹھہر چکا ہے چاہے عدلیہ کے فیصلے کے ذریعے جائیں یا عوامی پریشر سے پانامہ کا معاملہ ن لیگ کی حکومت کو نہیں چھوڑے گا،میڈیا سے گفتگو

اتوار 13 نومبر 2016 13:02

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13نومبر۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا نام وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار اور ن لیگ کے دیگر وزراء کیلئے خوف کی علامت بن گیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ چودھری نثار احمد ملکی سلامتی اور دیگر اہم اشوز پر توجہ دینے کے بجائے بلاول بھٹو پر تنقید کر کے لوگوں کی توجہ ان اہم معاملات سے ہٹانا چاہتے ہیں ۔

وہ پاکستان بیت المال ایمپلائیز ویلفیئر ایسو سی ایشن سندھ کے نو منتخب عہدیداران کی سندھ میوزیم حیدرآباد میں تقریب حلف برداری کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پی پی پی اور سندھ کے لوگوں کیلئے اپنے دل میں نفرت رکھتے ہیں اور وہ دنیا میں واحد مسلم ایٹمی طاقت کے حامل ملک کے واحد وزیر داخلہ ہیں جو قومی سلامتی پر انتہائی غیر سنجیدہ ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے چچا کہنے پر چودھری نثار اتنے ناراض ہو رہے ہیں حالانکہ وہ اتنے کم عمر بھی نہیں کہ وہ اس سے چڑ جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو بچہ کہہ کر مخاطب کرنے والے نہ بھولیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے بھی اپنے سیاسی سفر کا آغاز کم عمری میں کیا تھا جو بعد میں عظیم لیڈرز بن کر ابھرے ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کی باتیں ملک کے غریب لوگ سنتے ہیں اور بلاول ملک کا مستقبل ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک مچھر نے ن لیگ کی حکومت کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے ۔ نئے گورنر سندھ سے متعلق سوال پر مشیر اطلاعات نے کہا کہ سعید الزماں صدیقی انتہائی محترم شخصیت ہیں مگر ایک بزرگ شخصیت کو گورنر سندھ بنا کر وفاقی حکومت کی جانب سے مذاق کیا گیا ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا جانا ٹھہر گیا چاہے اب وہ عدلیہ کے فیصلے کے ذریعے جائیں یا عوامی پریشر سے کیونکہ پانامہ کا معاملہ ن لیگ کی حکومت کو نہیں چھوڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کی تحقیقات پر ہم سب متفق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے اسٹیج سے ایسے بیانات آئے جس سے دوریاں پیدا ہوئیں ۔ ایک سوال پرا نہوں نے کہا کہ چودھری نثار وزیر اعظم بننے کے خواہشمند تھے مگر ان کا خواب پورا نہیں ہوا اور وہ پریشان ہیں کہ عمران خان کا دباوٴ کیوں ختم ہو گیا ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ابھی تو صرف پنجاب جانے کا اعلان کیا ہے اور ابھی سے ن لیگ والوں کے پسینے نکل رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی آج بھی پنجاب میں موجود ہے اور وہ دن دور نہیں جب پی پی پی الیکشن میں پنجاب سے بھی بھرپور کامیابی حاصل کریگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے نئے آرمی چیف کا اب تک اعلان نہ کیا جانا حکومت کی نا اہلی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اکثر واقعات میں جہاں وزیر اعظم کو جانا ہوتا ہے وہاں وہ سوچتے ہی رہ جاتے ہیں اور جنرل راحیل شریف پہنچ جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کا تعلق شہداء کے عظیم خاندان سے ہے اور انکی خدمات بلا شبہ قابل تعریف ہیں ۔ بعد ازاں بیت المال پاکستان ایمپلائیز ویلفیئر ایسو سی ایشن سندھ کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے بیت المال کے ملازمین کو کہا کہ وہ ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں اور غریب و حقدار لوگوں کو شفاف طریقے سے مالی مدد کرنے کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بلا رنگ و نسل اور مذہب لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اردو بولنے والے بھی سندھ کے بیٹے اور سندھی ہیں ۔انہوں نے اس موقع پر بیت المال سندھ کے ملازمین کے مسائل حل کیلئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب میں پی پی پی کے صغیر قریشی ، پاشا قاضی، اظہر سیال ، نجیب ابڑو ، انجنیئر سکندر حیات کے علاوہ آل پاکستان کلرک ایسو سی ایشن کے عہدیداران نے بھی شرکت کی ۔