چینی کمپنی اور حکومت پاکستان کے درمیان معاہدے کا امکان

معاہدے کے نتیجے میں چائنا پٹرولیم گوادر سے ایران تک گیس پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کرے گی

منگل 15 نومبر 2016 11:18

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15نومبر۔2016ء ) حکومت کا چینی کمپنی سے ایک اور بڑے معاہدے کا امکان ہے ، معاہدے کے نتیجے میں چائنا پیٹرولیم گوادر سے ایران تک گیس پائپ لائن بچھائے گی۔ ذرائع کے مطابق انٹر سٹیٹ گیس سسٹم اور چائنا پیٹرولیم پائپ کے درمیان گوادر سے ایرانی بارڈر تک گیس پائپ لائن بچھانے کے لئے بات چیت جاری ہے۔ حکومت پہلے ہی گوادر سے نواب شاہ تک گیس پائپ لائن بچھانے کا معاہدے اسی چینی کمپنی سے کرچکی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایرانی حکومت اپنے حصے کی 900 کلومیٹرلمبی گیس پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کرچکی ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت کی ایران سے گیس کی قیمت کے تعین کے حوالے سے بھی مذاکرات جاری ہیں۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ کا باقاعدہ افتتاح مارچ 2013 میں ہوا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں توانائی بحران پر قابو پانے میں کافی حد تک مدد ملے گی۔