بھارت پاکستان کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھے،ملک کے چپے چپے کی حفاظت کر نا جا نتے ہیں، نواز شریف

پاکستانی افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، اقوام متحدہ بھارتی فوج کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، وزیر اعظم کا اجلا س سے خطا ب مشیر خا رجہ کی اجلاس کے شرکاء کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ بھارتی افواج فائرنگ اور شیلنگ کے ذریعے شہری آبادیوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے، سر تا ج عزیز

بدھ 16 نومبر 2016 11:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16نومبر۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھے۔ پاکستانی افواج ملک کے چپے چپے کی حفاظت اور بھارتی افواج کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اقوام متحدہ بھارتی فوج کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ منگل کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت لائن آف کنٹرول پر بگڑتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹنینٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، وزیراعظم کے عماون خصوصی برائے امور خارجہ طارق ناظمی سے دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکاء کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بریفنگ دی اور بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر پاکستانی حکومت کے رد عمل سے آگاہ کیا۔

مشیر خارجہ نے حالیہ دنوں میں بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی پر اندھا دھند فائرنگ اور شیلنگ کے بڑھتے واقعات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج فائرنگ اور شیلنگ کے ذریعے شہری آبادیوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔ جس کے باعث26شہری شہید اور 107زخمی ہو چکے ہیں بھارتی افواج کی فائرنگ 2003ء میں پاک بھارت کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج کی پاکستانی شہری آبادیوں پر جارحیت کے باوجود ہماری افواج کسی بھی جارحیت کا مناسب جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ پاکستانی افواج پہلے فائر نہیں کریں گی۔ پاکستان صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کے صبر و تحمل کو کمزوری نہ سمجھے۔

پاکستانی عوام اور افواج کو بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سر زمین کے چپے چپے کا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور بھارت افواج کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے ایل او سی پر بڑھائی جانے والی کشیدگی نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرے کا باعث بن رہی ہے۔

بھارت اپنے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جاری بد ترین بر بریت سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ اقوام متحدہ بھارت کی ایل او سی کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر بربریت کا فی الفور نوٹس لے۔ وزیراعظم نواز شریف کو امریکی صدارتی الیکشن کے تناظر میں پاک امریکا تعلقات پر بھی بریفنگ دے گی۔