یقین ہے 2018ء سے 2019ء تک بجلی کی قلت پر مکمل قابو پالیا جائے گا، نوازشریف

ملک معاشی لحاظ سے درست سمت پر گامزن ہے،پاکستان اور ترکی کی خوشیاں اور دکھ مشترکہ ،پاکستان میں سرمایہ کاروں کو بہت مراعات دی جارہی ہیں،وزیر اعظم کا پاک ترک سرمایہ کاری گول میز کانفرنس سے خطاب

جمعہ 18 نومبر 2016 11:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2016ء)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان 2018ء سے 2019ء تک بجلی کی قلت پر مکمل قابو پالے گا،ملک معاشی لحاظ سے درست سمت پر گامزن ہے،پاکستان اور ترکی کی خوشیاں اور دکھ مشترکہ ہیں،پاکستان میں سرمایہ کاروں کو بہت مراعات دی جارہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پاک ترک سرمایہ کاری گول میز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سمیت ترکی کے وزراء کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،خواجہ آصف،وزیرمملکت سرمایہ کاری محمد زبیر سمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے ترک صدر اور سرمایہ کاروں کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس کانفرنس کے ذریعے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور معاشی استحکام سے مزید راہیں تلاش کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

دونوں ملک ثقافتی،معاشرتی رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں،دونوں ملکوں کی عوام کی خوشیاں اور دکھ مشترکہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ2013ء سے اب تک دونوں ملکوں کے درمیان متعدد بزنس فورمز کا انعقاد ہو چکا ہے،دونوں ملکوں کے جمہوری حکمومتیں تعلقات کی نئی جہتیں دینے کیلئے پرعزم ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں اقتصادی ٹیم نے انتھک محنت کی وجہ سے ملک کی معیشت کو استحکام دیا۔

ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جو اقتصادی اعتبار سے مثبت ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت چین پاکستان میں46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے،پاکستان میں سرمایہ کاروں کو بہت مراعات دی جارہی ہے،ترک سرمایہ کار سی پیک منصوبے میں سرمایہ کاری کرکے منصوبے کا حصہ بنے،اس عظیم منصوبے کے ذریعے گوادر سے چین اور وسطی ایشیاء سے منسلک ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل این جی درآمد کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سی پیک منصوبے کے تحت بجلی کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے،مجھے یقین ہے کہ ملک 2018ء میں نہیں2019ء میں بجلی کے اندھیروں سے مکمل طور پرنجات پاجائے گا