لندن : سفید فام نسل پرستوں کا پاکستانی نژاد شخص پر حملہ تیزاب سے حملہ ، شدید زخمی

حملے میں پیزا شاپ کے مالک 37 سالہ عمران خان کا چہرہ بری طرح جھلس گیا، گردن پر بھی زخم آئے ،برطانوی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا

جمعہ 18 نومبر 2016 11:48

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18نومبر۔2016ء)مشرقی لندن میں پیش آنے والے نسل پرستی کے واقعے میں سفید فام نسل پرستوں نے پاکستانی نڑاد برطانوی شخص پر تیزاب سے حملہ کردیا اسے شدید زخمی کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تیزاب کے حملے میں پیزا شاپ کے مالک 37 سالہ عمران خان کا چہرہ بری طرح جھلس گیا، جبکہ انہیں گردن پر بھی زخم آئے۔واقعے کے بعد عمران خان کا کہنا تھا کہ ان پر 13 سے 14 اوباش نوجوانوں کے گروپ نے لندن کے قصبے بارکنگ میں اس وقت حملہ کیا، جب وہ پیزا کی ڈیلیوری کرنے کے لیے جانے والے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ’اوباش نوجوانوں نے پہلے مجھے گھیر کر گھورنا شروع کیا، پھر انہوں نے ڈیلیوری کا پیزا میرے ہاتھ سے چھینا اور اسے میرے چہرے پر پھینکا۔‘پولیس کو واقعے کی اطلاع عمران پر حملے کی جگہ کے قریب سے گزرنے والے ایک راہگیر نے دی۔

(جاری ہے)

عمران کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاع کیے جانے کے بعد وہ نوجوان وہاں سے بھاگ گئے، لیکن جب میں بعد ازاں اپنی اہلیہ فارینا بی بی کو ان کی بہن کے گھر سے لینے کے لیے کار کے ذریعے جارہا تھا تو دو نوجوانوں نے مجھ پر تیزاب سے حملہ کیا، جو مشتبہ طور پر پہلے حملے میں بھی ملوث تھے۔

‘انہوں نے کہا کہ ’حملے کے بعد مجھے شدید تکلیف ہورہی تھی، حتیٰ کہ میں اپنی آنکھیں بھی نہیں کھول پارہا تھا۔‘عمران خان نے کہا کہ ’مجھے اس حملے پر شدید غم و غصہ ہے، جبکہ حملے میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہیئے، کیونکہ اگر وہ میرے ساتھ یہ کرسکتے ہیں تو کسی دوسرے شخص کے ساتھ بھی کرسکتے ہیں۔‘برطانوی پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔