بدقسمتی سے پاکستانی سیاست کی نانی کا گھر لندن میں ہے، نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے مشاورتی عمل مکمل ہو چکا ہے،مولانا فضل الرحمان

ہفتہ 19 نومبر 2016 11:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19نومبر۔2016ء)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پاکستانی سیاست کی نانی کا گھر لندن میں ہے، نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے مشاورتی عمل مکمل ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کرنا سب کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں ہنگامہ آرائی کی سیاست سے ملک کو نقصان ہو گا، احتجاج سے حکومت کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے، پیپلزپارٹی میں تبدیلی کا سبب بننے والی کیفیت نہیں دیکھ رہا ہوں مگر پیپلزپارٹی کے وفاقی حکومت سے سندھ سے متعلق چند مطالبات جائز ہیں،انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ عدالت میں ہے لہذا عدالتی معاملات عدالت پر ہی چھوڑ دینا چاہئے، بدقسمتی سے پاکستانی سیاست کی نانی کا گھر لندن میں ہے اور سیاست دان نانی کے گھر جاکر سوچ بچار سیاسی فیصلے کرتے ہیں، عمران خان لندن جاکر کیا فیصلے کرتے ہیں آنے والے دنوں میں پتہ چل جائے گا، پی ٹی آئی نے پہلے بھی استعفوں کی دھمکی دی تھی مگر پی ٹی آئی نے اپنے استعفوں پر تھوک کر چاٹ لیا اور اب بھی پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی ہمارے پاس فریاد لیکر آرہے ہیں،مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا میں کارکردگی عوام کے سامنے ہیں، انشاء اللہ 2018میں کے پی کے میں جمعیت علما اسلام ن لیگ کے ساتھ حکومت بنائے گی، پی ٹی آئی کا کے پی کے سے صفایا کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان تاریخی اور کامیاب رہا مگر افسوس کی بات ہے ترک صدر کو پنجاب حکومت کے سوا کسی صوبے نے دعوت نہیں دی، انہوں نے مزید کہا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کیلئے مشاورت کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے جلد ہی نئے آرمی چیف کا نام سامنے آجائے گا۔

متعلقہ عنوان :