کوئٹہ ، نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ ، ایک ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین ایف سی اہلکار شہید ، 2 افراد زخمی

اتوار 20 نومبر 2016 08:20

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20نومبر۔2016ء )کوئٹہ میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار سمیت تین ایف سی اہلکار شہید جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیاوزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے فوری طورپر اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ کے کارنر پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ٹریفک اہلکار شاہ ولی اور 2ایف سی اہلکار محمد یونس اورمحمد علی شہید جبکہ ایک اہلکار احمد نواز اورر اہگیر گل احمد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچا یا گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور پولیس نے علاقہ کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی مزید کا رروائی کی جا رہی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کوئٹہ کے علاقے فاطمہ جناح روڈ پر ایف سی اور ٹریفک اہلکار پر فائرنگ اور اس کے نتیجے میں ان کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے واقعہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملوث عناصر کو فوری طورپر گرفتار کیا جائے۔