اڑی حملے کے بعد معطل کردہ افسر کی بحالی، بھارتی وزارت دفاع اور فوج میں ٹھن گئی

فوجی افسر کو 61 انفنٹری بریگیڈ کا کمانڈر تعینات کرنے پر حکومت نے فوج سے جواب مانگ لیا

اتوار 20 نومبر 2016 08:24

نئی دہلی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20نومبر۔2016ء ) بھارتی وزارت دفاع اور فوج میں ٹھن گئی، اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد معطل کئے جانے والے فوجی افسر کو 61 انفنٹری بریگیڈ کا کمانڈر تعینات کرنے پر حکومت نے فوج سے جواب مانگ لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق، وزارت دفاع نے اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد معطل کئے جانے والے بریگیڈئر کے سوماشنکر کو نئی جگہ تعینات کرنے پر فوجی ہیڈکوارٹرز سے جواب طلب کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزارت دفاع نے استفسار کیا ہے کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے کی جانب سے تفتیش مکمل ہونے سے پہلے بریگیڈئر کو دوبارہ تعینات کیسے کیا گیا؟ فوج نے ایک خاص افسر جس کے خلاف انکوائری چل رہی ہے، اسے اس طرح کی فیور کیوں دی؟بھارتی فوجی ذرائع کے مطابق، وزارت دفاع کو بتایا گیا ہے کہ اگر متعلقہ فوجی افسر تحقیقات میں بے قصور پایا گیا تو وہ فورس کے خلاف عدالت میں جا سکتا ہے، محض شک کی بنیاد پر اسے فوج سے نہیں نکالا جا سکتا۔اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد حکومت نے وہاں تعینات بریگیڈئر کے سوما شنکر کو ہٹا کر شامل تفتیش کیا تھا۔ حملے میں 19 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔